'وکلا کو ہڑتال کا نظام ختم کرنا ہوگا'

18 اپريل 2015
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منظور احمد ملک ... فوٹو: بشکریہ لاہور ہائی کورٹ ویب سائٹ
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منظور احمد ملک ... فوٹو: بشکریہ لاہور ہائی کورٹ ویب سائٹ

راولپنڈی : چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منظور احمد ملک نے کہا ہے کہ وکلا کو ہڑتال کا نظام ختم کرنا ہوگا، اس سے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، یہ تاثر ختم کرنا ہے کہ دادا کے کیس کا فیصلہ پوتا سنتا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منظور احمد ملک نے راولپنڈی ہائیکورٹ بار کے آفس کا دورہ کیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ بننے کے بعد ان کا راولپنڈی بار کا یہ پہلا دورہ تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس منظور احمد ملک نے کہاکہ ہمارا مقصد مقدمات کی بروقت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

کسی بھی معاملے پر وکلاء کے احتجاج میں مقدمات نہ سننے پر ان کا کہنا تھا کہ وکلاء کو ہڑتال کا نظام ختم کرنا ہوگا، اس سے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، ہمیں یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ دادا کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کا فیصلہ پوتا سنتا ہے ۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہاکہ موجودہ صورتحال سے مایوس ہوں نہ ہی ناامید ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہائیکورٹ میں 2007 تک کے زیر التواء مقدمات جولائی 2015 تک نمٹا دیں گے جبکہ ستمبر 2015 میں 600 سے زائد سول جج ہمارے سسٹم کا حصہ بنیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں