احسان عادل کی انجری، عمر گل کی انٹری

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2015
عمر گل نے پاکستان کی طرف سے اپنا آخری میچ دسمبر 2014 میں کھیلا تھا—۔فائل فوٹو
عمر گل نے پاکستان کی طرف سے اپنا آخری میچ دسمبر 2014 میں کھیلا تھا—۔فائل فوٹو

یاسر شاہ کے بعد احسان عادل بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی اسکواڈ سے باہر ہوگئے۔

ہیم اسٹرنگ کا شکار ہونے والے احسان عادل کو ڈاکٹروں نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، لہذا وہ بنگلہ دیش کےخلاف ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

لیکن احسان عادل کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد انجری کے شکارعمرگل کو بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بننے کا موقع ضرور مل گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق عمر گل پاکستانی اسکواڈ کو جوائن کرنے کے لیے بنگلہ دیش جائیں گے۔

اس سے قبل پاکستانی اسکواڈ میں شامل فاسٹ باؤلر سہیل خان، مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود اور لیگ اسپنر یاسر شاہ انجری کے باعث ایک روزہ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔

صہیب کی جگہ سعد نسیم جبکہ سہیل خان کے متبادل کے طور پر جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

یاسر شاہ کو ایک ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

یاد رہے کہ عمر گل نے پاکستان کی طرف سے اپنا آخری میچ دسمبر 2014 میں کھیلا تھا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل یعنی اتوار کو شیربنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ افتتاحی میچ 79 رنز سے جیتنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Apr 18, 2015 11:47pm
یہ درست فیصلہ ھے عمرگل بھی زخمی ھونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر رہا زخمی ھونا بیمار ھونا معمول کی بات ھے لیکن یہ ٹیم منیجمنٹ کی زمہ داری ھے کہ کھلاڑی کی فٹنس پر توجہ دیں ایسے کھلاڑی منتخب نہ کئے جائیں جو پوری طرح فٹ نہ ھو اسکی مثال آسٹریلیا ھے جو فٹنس پر کوئی رعایت نہیں دیتے کھلاڑی کتنا بڑا کیوں نہ ھو فٹنس ٹسٹ کے بغیر ٹیم میں نہیں آسکتا