کراچی سے 'خوف کی فضا' ختم کرنا چاہتے ہیں، عمران خان

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2015
ڈان نیوز اسکرین گریب۔
ڈان نیوز اسکرین گریب۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار عمران اسماعیل۔ ڈان نیوز اسکرین گریب۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار عمران اسماعیل۔ ڈان نیوز اسکرین گریب۔

کراچی: کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کے روز کہا کہ وہ کراچی کے شہریوں کو موقع فراہم کررہے ہیں جبکہ شہر میں موجود 'خوف کی فضا' کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی میں پارٹی رہنما عارف علوی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہری ہے اور یہاں کے پڑھے لکھے لوگ محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔

این اے۔ 246 پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے عمران کا کہنا تھا کہ اسے جیتنے کے لیے ان کی پارٹی پورا زور لگائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مزید کہا کہ انہیں رینجرز کے اوپر مکمل اعتماد ہے۔

اس سے قبل حلقے میں پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے 23 اپریل کو صاف شفاف ضمنی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ این اے246میں ووٹوں کی گنتی رینجرز کی نگرانی میں کرائی جائے۔

تحریک انصاف کے امیدوار نے الزام لگایا کہ ان کی ہر ریلی پر ڈنڈے اور پتھر برسائے جاتے ہیں، لیکن الیکشن کمیشن نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم متعدد مرتبہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے برتاؤ کی الیکشن کمیشن میں شکایت کرچکے ہیں۔

عمران اسماعیل نے الزام لگایا کہ ایم کیو ایم این اے 246 کے مقامی رہائشیوں سے علاقے سے شناختی کارڈ جمع کررہی ہے، ہم نے اس کی شکایت پہلے بھی الیکشن کمیشن کو کی تھی اور آج بھی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انساف نے این اے 246 میں چار 'گھوسٹ پولنگ اسٹیشنز' کی نشاندہی کی ہے جن میں زبیدہ ہاشمانی اسحاق آباد، سٹی کالج موسیٰ کالونی، میٹروپولیٹن فاؤنڈیشن اسکول اور سراج الدولہ کالف، ایف سی ایریا شامل ہیں۔

عمران اسماعیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے افسران اس بات کا معائنہ کریں گے کہ گھوسٹ پولنگ اسٹیشنز موجود ہیں یا نہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سٹی کالف موسیٰ کالونی آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا دفتر ہے جبکہ زبیدہ ہاشمانی نام کی کوئی جگہ موجود ہی نہیں ہے۔

عمران اسماعیل نے پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپر چوری ہونے کے خدشے کا بھی اظہار کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Apr 18, 2015 07:31pm
توڑا صبر کریں تحمل سے کام لیں پی ٹی آئی والے ایسے مطالبے کررہی ھے جو عجیب معلوم ھوتے ھیں ووٹوں کی گنتی پولنگ عملہ کرتی ھے نہ کہ کوئی اور اگر اپ کے پاس پولنگ ایجنٹ نہیں تو اس میں الیکشن کمیشن کا کوئی قصور نہیں ھمیشہ گنتی پولنگ ایجنٹ کی موجودگی ہی ھوتی ھے اور ہر پولنگ ایجنٹ کو پریزائڈنگ افسر اس نتیجہ کا ایک تصدق شدہ کاپی دیتا ھے اس رینجر کا رول کہاں بنتا ھے یہ سب کچھ الیکشن عملے کا کام ھوتا ھے