کرکٹ پستی کی طرف گامزن ہے، انضمام

19 اپريل 2015
انضمام الحق۔ فائل فوٹو آئی این پی
انضمام الحق۔ فائل فوٹو آئی این پی

کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے فقدان کو قومی ٹیم کی ناقص کار کردگی کی وجہ قرار دیتے ہوئےکرکٹ بورڈ کو اہم پہلوؤں پر فوری طور پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا ہے۔

تجربہ کار کھلاڑی نےقومی ٹیم کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف 16 سال بعد شکست اس بات کو واضح کر رہی ہے کہ ہماری کرکٹ پستی کی طرف گامزن ہے۔ کرکٹ بورڈ کو اہم پہلووں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انضمام نے ایک این جی او کی جانب سے ملتان میں اپنے نام سے منصوب اکیڈمی کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ قومی کرکٹ سے منسلک تمام کھلاڑی اور حکام کو چاہیے کہ اب فوری طور پر آئندہ ورلڈ کپ کو اپنا ہدف بنالیں کیوں اس وقت تک ورلڈ کپ جیتے ہوئے ہمیں 27 برس ہو چکے ہوں گے۔

انہوں نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحال نہ ہونے کو ٹیم کی خراب کا رکردگی کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کے باعث نئے کھلاڑیوں کو ٹاپ لیول پر کھیل کر خود کو منوانے کا موقع نہیں ملتا جس کی وجہ سے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں سیٹ ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ بحال نہ ہونے کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اچھی وکٹیں نہیں بن رہیں جن کے سبب مقامی کھلاڑی وہ تجربہ حاصل کرنے سے قاصر ہیں جس کی انہیں بین الاقوامی سطح پر ضرورت ہے۔

سابق سینئر کھلاڑی نے تجویز پیش کی کہ جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیا کپتان مقرر کردیا ہے تو پھر کچھ نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے اور نتائج کو نظر انداز کرتے ہوئے آئندہ دو سال تک صبر و تحمل کے ساتھ حالات کی بہتری کا انتظار کیا جائے کیوں کے اس دوران ایک ٹاپ کلاس ٹیم تیار کی جاسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ہیڈ کوچ ووقار یونس نے کسینو تنازع کے باعث چیف سلیکٹر کے عہدے سے بر طرف کیے جانے والے سابق کپتان معین خان کی جگہ انضمام الحق کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے کی سفارش کی تھی تاہم قومی کرکٹ بورڈ نے ہارون رشید کو اس عہدے پر فائز کردیا ۔

تبصرے (0) بند ہیں