’پاک و ہند مذاکرات بحال کرنے پر زور‘

19 اپريل 2015
وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز ... فوٹو: رائٹرز
وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز ... فوٹو: رائٹرز

لاہور : وزیرِ اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے ہندوستان و پاکستان کے درمیان خارجہ سیکریٹری کی سطح پر مذاکرات شروع کرنے میں ہندوستان کی جانب سے غیر معمولی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان امن کی فضاء بحال اور دہشت گردی کا مسئلہ حل کر نے پر زور دیا ہے۔

لاہور میں بیساکھی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ وزیر ِ اعظم نواز شریف نے 2013 کے عام انتخابات کےبعد ہندوستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کے لئے سماجی اور اقتصادی معاملات کی سطح کو ہموار بنانے کا اعلان کیا تھا اوراسی اعلان کردہ پالیسی کے تحت ہندوستانی وزیرِ اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستانی وزیرِ اعظم دہلی گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ27 مئی کو ہونے والی دونو ں وزراء اعظم کے درمیان ملاقات کے دوران خارجہ سیکریٹری کی سطح پر مذاکرات شروع کرنے پر دونوں نے رضامندی کا اظہار کیا تھا جبکہ اسی سلسلے میں ہندوستان کی جانب سے خارجہ سیکریٹری دورہ پاکستان پر اسلام آباد آئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزارتِ خارجہ کو ہندوستان کے پاکستان کے ساتھ مشاورت کیے بغیر اپنے طور پر مذاکرات کے عمل کو منسوخ کردینے پر حیرانی ہوئی تھی تاہم رواں سال 3مارچ کو نئے ہندوستانی خارجہ سیکریٹری کی جانب سے کیے گئے پاکستان کے دورے نے ایک اچھی اُمید ظاہر کی ہے۔

سرتاج عزیز نے دونوں وزراِ اعظم کی جانب سے شروع کیے گئے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے ہندوستان پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر دونوں خطوں میں امن قائم ہوگا تو کرپشن اور غربت کا با آسانی خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں