کرکٹ کی گیند نے 6 سالہ کھلاڑی کی جان لے لی

25 اپريل 2015
ٹی۔ ومشی کرشنا گھر کے قریب کرکٹ کھیل رہا تھا کہ ایک 12 سالہ بچے کی ہِٹ کی گئی کرکٹ کی گیند اُس کے سینے پر جالگی—۔فوٹو/ بشکریہ دکن کرونیکل
ٹی۔ ومشی کرشنا گھر کے قریب کرکٹ کھیل رہا تھا کہ ایک 12 سالہ بچے کی ہِٹ کی گئی کرکٹ کی گیند اُس کے سینے پر جالگی—۔فوٹو/ بشکریہ دکن کرونیکل

حیدراآباد: ہندوستانی ریاست تلنگانہ (قانونی ریاست اترپردیش) کے دارالحکومت حیدرآباد میں گلی میں کھیلے جارہے کرکٹ میچ کے دوران سینے پر گیند لگنے سے 6 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔

ہندوستانی اخبار دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق جمعرات کو حیدرآباد کے علاقے ویناش تھالی پورم میں 6 سالہ ٹی۔ ومشی کرشنا گھر کے قریب کرکٹ کھیل رہا تھا کہ ایک 12 سالہ بچے کی جانب سے ہِٹ کی گئی کرکٹ کی گیند اُس کے سینے پر جالگی۔

گیند لگنے کے باعث بچہ بے ہوش کر گر پڑا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

متوفی بچے کے والد ٹی۔گوندا راجو پیشے کے اعتبار سے ایک مستری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہندوستانی ریاست بنگال سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر انکت کیشری بھی میدان کرکٹ میں زخمی ہونے کے باعث جان کی بازی ہار گئے تھے۔

انکت کیشری کا میچ کے دوران کیچ پکڑتے ہوئے دوسرے کھلاڑی کے ساتھ تصادم ہوا تھا، جس کے بعد وہ بے ہوش کر گرپڑے اور بعد ازاں ہسپتال میں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔

جبکہ گزشتہ برس آسٹریلیا کے کرکٹر فلپ ہیوز کی موت بھی کرکٹ کی تاریخ کے المناک واقعات میں سے ایک تصور کی جاتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں