پاکستان کرکٹ کا پورا سسٹم خراب ہے، شہریار

26 اپريل 2015
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان۔ فائل فوٹو اے پی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان۔ فائل فوٹو اے پی

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کا پورا سسٹم ہی خراب ہے اور دورہ بنگلہ دیش کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

اتوار کو اسلام آباد میں پاکستان سوئٹ ہومز کے کرکٹ گراؤنڈ کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور وہاں مقیم بچوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے پاکستان ٹیم کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف صرف ہارے نہیں بلکہ بری طرح ہارے ہیں، دورہ بنگہ دیش کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹ کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ آرگنائزیشن، کوچنگ اور فٹنس کے نظام میں خرابی ہے، ہمارا پورا سسٹم ہی خراب ہے اور شکست کی وجہ بھی یہی ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف شکست کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے عظیم پاکستان کھلاڑی اور پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان عمران خان نے بھی کچھ اسی طرح کی آرا کا اظہار کرتے ہوئے ناقص ڈومیسٹک سسٹم کو خراب کارکردگی کی وجہ قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 3-0 کے وائٹ واش کی خفت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی بنگلہ دیشی ٹیم فاتح رہی۔

آئندہ ماہ زمبابوین ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم کو دورہ پاکستان کے موقع پر وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے سینئر کھلاڑیوں کو بھی واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سینئر کرکٹرز اپنا وقت گزار چکے، اب ان کی جگہ نئے کھلاڑی ٹیم میں آئیں گے۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے کہ سینئر پلیئرز کو خیرباد کہہ دیا جائے، وہ اپنا اچھا وقت گزار چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں