بنگلہ دیشی ٹیسٹ اسکواڈ میں شاہد شامل

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2015
بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت مشفیق الرحیم کریں گے۔ فائل فوٹو اے  ایف پی
بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت مشفیق الرحیم کریں گے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ڈھاکا: بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں نوجوان فاسٹ باؤلر محمد شاہد کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

26 سالہ فاسٹ باؤلر کو ڈومیسٹک سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے پر پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا جہاں انہوں نے 56 فرسٹ کلاس وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس کے علاوہ لٹن داس اور سومیا سرکار کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور ٹیم کا حصہ بنائے جانے کی صورت میں دونوں کھلاڑی بھی اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔

چیف سلیکٹر فاروق احمد نے کہا کہ نئے لڑکے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ پانے کے حقدار تھے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد نے فرسٹ کلاس میں تسلسل سے کارکردگی دکھائی اور وہ لمبے اسپیل کر سکتے ہیں جبکہ لٹن نے گزشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی اک مظاہرہ کیا اور سومیا نے ایک روزہ میچوں میں اپنی فارم ثابت کی۔

تاہم بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 3-0 سے کلین سوئپ کرنے والے اسکواڈ سے مارشل ایوب، انعام الحق، شمس الرحمان اور الامین حسین کو ڈراپ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ اب تک دورہ بنگلہ دیش میں ہونے والے پانچوں میچوں میں پاکستانی ٹیم کو شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

پاکستانی ٹیم نے دورے کا آغاز بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون کے خلاف میچ میں شکست سے یا جس کے بعد اسے بنگلہ دیش سے تینوں ایک روزہ میچوں میں شکست کھا کر وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح کی دیوی پاکستانی ٹیم سے روٹھی رہی۔

اب مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم شکستوں کا جمود توڑنے کی کوشش کرے گی جبکہ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت مشفیق الرحیم کریں گے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے بنگلہ دیشی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

مشفیق الرحیم(کپتان)، تمیم اقبال، امرالقیس، لٹن داس، مومن الحق، شکیب الحسن، محمد محموداللہ، شواگاتا ہوم، سومیا سرکار، تیج الاسلام، زبیر حسین، روبیل حسین، شہادت حسین اور محمد شاہد۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 28 اپریل سے کھلنا کے شیخ ابو ناصر اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں