کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی کے علاقے لیاری کیلئے ایک ارب روپے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

اتوار کی شام لیاری کے مشہور ککری میدان میں جلسہ سے خطاب میں زرداری نے لیاری اور یہاں کے لوگوں کی بھرپور الفاظ میں تعریف کی۔

’لیاری پی پی کا قلعہ تھا اور رہے گا، لیاری نے کبھی پارٹی کو مایوس نہیں کیا‘۔

انہوں نے کہا سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کی باقیات نے لیاری کو خون میں نہلایا۔ ’ہم اس علاقے کو پھر امن کا گہوارہ بنائیں گے‘۔

زردار ی نے لیاری کیلئے ایک ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین مہینوں میں یہاں پانی کی قلت ختم کر دیں گے۔

انہوں نے علاقے میں لوگوں کیلئے فلیٹ اور ایک انجینئرنگ کالج بنانے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک آصفہ زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نہیں آ جاتے،وہ پارٹی کا جھنڈا تھامے رکھیں گے۔

الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

’عمران صاحب کو دکھ ہے کہ الیکشن چوری ہو گیا۔ ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چھینا جاتا ہے لیکن وہ ہر الیکشن کے بعد پھر زندہ ہو جاتی ہے‘۔

تبصرے (1) بند ہیں

Inder Kishan Apr 26, 2015 09:16pm
سائیں حد ہی ہو گئی۔ کہتے ہیں پرویز مشرف کی باقیات نے لیاری کو خون میں نہلایا۔ مطلب تو یہ ہوا کہ این آر او کے بعد مشرف کے بعد باقی رہ گئے یہ زرداری والے، تو باقیات تو یہی ہوئے نہ۔ اور اگر نہ بھی ہوئے تو آٹھ سال سے آپ حکومت میں ہیں۔ پانچ سال وفاقی حکومت جبکہ آٹھ سال سے صوبائی حکومت۔ اس وقت نہ تو پانی کا خیال آیا، نہ فلیٹ بنانے کا، نہ پانی کا۔ دیا کیا ہے ان پانچ سالوں میں؟ جو جو ارکان صوبائی اسمبلی بنے تھے ان کی حکومت میں انہوں نے کون سی سڑک بنوائی ہے؟ آر او پلانٹس کا رونا رویا جاتا ہے، ان میں سے کتنے فعال ہیں اور کتنے غیر فعال؟ کسی کو ہے معلوم؟ جو غیر فعال ہیں ان کا کرایہ بھی سندھ حکومت ادا کرتی ہے۔ سنا تھا کہ یہ ادائیگی کسی دوبئی کی کمپنی کو کی جاتی ہے جن کا باس بھی انہی پی پی والوں کا جیالا ساتھی ہے۔