ملتان: بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن ٹریبونل کی تحلیل کو ایک گھناؤنا جرم قرار دیا ہے۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے اپنی تحقیقات کے بعد تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں دھاندلی میں ملوث افراد کو نوٹسز جاری کیے تھے، لیکن عمران خان نے ٹریبونل کو تحلیل کردیا اور پارٹی الیکشن سے متعلق سچ کو عوام کے سامنے لانے کی اجازت نہیں دی۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا 'جسٹس وجیہہ ٹریبونل' تحلیل

جاوید ہاشمی نے کہا کہ جسٹس وجہیہ الدین ایک قابل احترام شخصیت ہیں ،جنھوں نے عدلیہ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا اور جسٹس وجیہہ کی تحریک انصاف سے بے دخلی بدقسمتی کی بات ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے جس طرح پاکستان تحریک انصاف کو چلایا جارہا ہے، وہ پارٹی کے لیے تباہ کن ہے، جس کا اندازہ حالیہ انتخابات کے نتائج سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ڈیفنس اور کنٹونمنٹ جیسے علاقے جو پی ٹی آئی کے مضبوط گڑھ سمجھے جاتے تھے، ان کےالیکشن نتائج اس بات کی طرف اشارہ ہیں کہ تحریک انصاف اپنے ہی گھر میں اجنبی بن گئی ہے'۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ریورس گیئر میں چلی گئی ہے اور ملتان میں ہونے والے آئندہ انتخابات میں وہ کہیں بھی نہیں ہوگی۔

تحریک انصاف چھوڑنے والے جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک انھوں نے کوئی پارٹی جوائن نہیں کی تاہم وہ جلد ہی کسی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Syed Monis Ismail Apr 27, 2015 11:13am
Javed Sahib....... Ye batain ab tak kon sa jurm nahi kiya hae Imran Sahib nae.............