پاک۔ بنگلہ پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم

اپ ڈیٹ 02 مئ 2015
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق (بائیں) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے  بیٹسمین تمیم اقبال (دائیں) سے ہاتھ ملاتے ہوئے—۔فوٹو/ اے ایف پی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق (بائیں) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین تمیم اقبال (دائیں) سے ہاتھ ملاتے ہوئے—۔فوٹو/ اے ایف پی

کھلنا: بنگلہ دیش کے شہر کھلنا میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

ہفتے کو پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 555 رنز بنائے، جس پر امپائرز نے میچ کا نتیجہ نظرنہ آنے کی صورت میں دونوں ٹیموں کی مرضی سے مقررہ وقت سے پہلے ہی میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں تمیم اقبال 206 اور امرالقیس 150 رنزبنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، جبکہ شکیب الحسن نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

تمیم اقبال نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 7 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے نہ صرف ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی ڈبل سینچری اسکور کی بلکہ مسلسل تین میچوں میں سینچریاں بنانے والے بیٹسمینوں میں بھی شامل ہوگئے۔

انھوں نے امرالقیس کے ساتھ مل کر 312 رنزکی پارٹنر شپ قائم کرکے بنگلہ دیش کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بناڈالا۔

شاندار ڈبل سینچری پر تمیم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تمیم اقبال نے امرالقیس کے ساتھ ریکارڈ شراکت کو یارگار قرار دیا۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان اور محمد حفیظ نے 2،2 جبکہ ذوالفقاربابر اور اسدشفیق نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 332 اور پاکستان نے پہلی اننگز میں 628 رنز بنائے تھے۔

مظبوط پوزیشن پر آنے کے باوجود بنگلہ دیش کے خلاف کھلنا ٹیسٹ ڈرا ہونے پر پاکستانی کپتان مصباح الحق باؤلرز سے مایوس دکھائی دیئے اور کہا کہ بڑی برتری لینے کے بعد باؤلرزکو بنگلہ دیش کو دباؤ میں لانا چاہیے تھا ۔

انھوں نے بنگلہ دیش کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان مشفیق الرحیم پاکستان کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ ڈرا ہونے پر کافی خوش دکھائی دیئے۔

انہوں نے کہا کہ تمیم اقبال اور امرالقیس کی شراکت نے میچ بچانے میں اہم کردار ادا کیا ، دوسرے ٹیسٹ میں وکٹ بہتر ہوئی تو جیت کی پوری کوشش کریں گے۔

دونوں ٹیموں کےدرمیان دوسرا ٹیسٹ 6 مئی سے ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں