شکیب اور وہاب پر جرمانہ عائد

اپ ڈیٹ 03 مئ 2015
وہاب ریاض اور شکیب الحسن کے درمیان تلخ کلامی کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی
وہاب ریاض اور شکیب الحسن کے درمیان تلخ کلامی کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی

کھلنا: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن تلخ کلامی پر پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

کھلنا ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی دوسری اننگ کے دوران پاکستانی باؤلنگ بے بسی کی تصویر بنی رہی جس کی وجہ سے کھلاڑی تناؤ کا شکار نظر آئے اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض بھی ان میں سے ایک تھے۔

بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگ میں تین وکٹیں لینے والے وہاب دوسری اننگ میں کوئی بھی وکٹ لینے سے قاصر رہے جس کی وجہ سے وہ شدید تناؤ میں نظر آتے تھے اور میچ میں ایک موقع پر انہوں نے اس کا بھرپور اظہار بھی کیا۔

دراصل بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے دوسری اننگ کے دوران وہاب پر پچ خراب کرنے کا الزام عائد کیا جس پر وہاب آپے سے باہر ہو گئے۔

اس دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور دونوں ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ اشارے بھی کرتے نظر آئے۔

وہاب نے پہلے جنید خان اور پھر کپتان مصباح الحق کو صورتحال سے باخبر کیا جس پر مصباح نے امپائرز کو آگاہ کیا جنہوں نے معاملہ رفع دفع کرایا۔

اس تمام معاملے سے بے خبر مبصرین اور شائقین صورتحال پر پریشان تھے کہ آیا ایک بے جان میچ میں اس حد تک گرما گرمی کیوں ہو رہی ہے۔

بعد میں پتہ چلا کہ شکیب نے پاکستانی فاسٹ باؤلر پر پچ خراب کرنے کا الزام عائد کیا جو دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تناؤ کا سبب بنا۔

اصولاً اگر ایسا واقعہ ہوا بھی تھا تو شکیب کو امپائر اور پاکستانی کپتان سے معاملے کی شکایت کرنی چاہیے تھی لیکن انہوں نے براہ راست وہاب پر الزام عائد کر کے آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

دونوں کھلاڑیوں کے رویے کی میچ ریفری جیف کرو نے آئی سی سی کو شکایت کی۔

آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے میچ فیس کا 30، 30 فیصد جرمانہ کردیا۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں