ڈرا کے باوجود پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا پر منتج ہوا تھا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا پر منتج ہوا تھا۔ فائل فوٹو اے ایف پی

دبئی: بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بدترین کارکردگی اور میچ ڈرا کرنے کے باوجود پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے سے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

پاکستان کی اس ترقی کی وجہ پاکستان کی اپنی کارکردگی نہیں بلکہ دراصل یہ انگلش کرکٹ ٹیم کی مرہون منت ہے جو ایک درجہ تنزلی کے بعد آئی سی سی کی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔

ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی فتح کے ساتھ سیریز 1-1 سے برابر رہی اور اسے ہار کا خمیازہ آئی سی سی رینکنگ میں تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

انگلینڈ کو تیسرے نمبر پر برقرار رہنے کے لیے سیریزمیں لازمی فتح درکار تھی لیکن انہیں ڈرا پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔

جہاں ایک طرف انگلینڈ کی تنزلی ہوئی تو دوسری جانب اس کا فائدہ پاکستان کو پہنچا جو درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آ گئی ہے تاہم اگر بنگلہ دیش کے خلاف سیریز ہارنے یا ڈرا ہونے کی صورت میں پاکستان کی آئی سی سی رینکنگ میں تنزلی ہو جائے گی۔

آئی سی سی رینکنگ میں مزید کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور جنوبی افریقہ 124 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔

پاکستان 103 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ 99 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، سری لنکا 96 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، انڈیا 95 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، ویسٹ انڈیز 79 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں جبکہ بنگلہ دیش اور زمبابوے بالترتیب نویں اور دسویں درجے پر موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں