تہران: اطلاعات ہیں کہ ایران نے بالوں کے نوک دار اور غیر روائتی سٹائلز پر پابندی لگا دی ہے کیونکہ حکام کے مطابق ان سے ’شیطان کا پرستار‘ہونے کا تاثر ملتا ہے۔

حالیہ کچھ سالوں سے ایران میں ہر طبقے کے نوجوانوں میں بالوں کے جدید اور مختلف نوک دار سٹائل بہت مشہور ہیں۔ تاہم، اس فیشن کو مغربی اور غیر اسلامی تصور کرتے ہوئے اس پر منقسم رائے پائی جاتی ہے۔

ایران کی اسنا نیوز ایجنسی نے حجاموں کی یونین کے صدر مصطفی گواہی کے حوالے سے بتایا کہ ’شیطانوں کی پرستش پر مبنی ہیر سٹائلز پر پابندی عائد ہو چکی ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ اس طرح کے ہیر سٹائل بنانا اسلامی قوانین کی خلاف تصور ہوں گے اور ایسے حجاموں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔

اسنا رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جسم پر نقش بنوانے اور لڑکوں میں بھنویں بنوانے کا پنپتا رجحان بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مصطفی نے غیر لائسنس یافتہ حجاموں کو مورد الزام ٹھراتے ہوئے کہا ’عموماً یہ کام غیر لائسنس یافتہ حجام ہی کرتے ہیں۔ ان سب کی شناخت ہو چکی ہے اور جلد ہی کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘۔

خیال رہے کہ یہ یونین صرف مرد حجاموں کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ خواتین حجاموں کی تنظیم الگ ہے۔اے ایف پی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں