لاہور: ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے چھ سال بعد پاکستان کا رخ کرنے والی پہلی عالمی کرکٹ ٹیم زمبابوے کو خوش آمدید کہتے ہوئے مہمانوں کے ’حوصلے‘ کی داد دی ہے۔

منگل کو سخت سیکورٹی میں یہاں پہنچنے والی زمبابوے جمعہ اور اتوار کو دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔

آفریدی نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا ’ چھ سالہ خزاں کے بعد کرکٹ کی بہار آئی ہے‘۔

’زمبابوے ٹیم کے حوصلے کو سراہنا چاہیئے ۔ انہوں نے کافی عرصے سے عالمی کرکٹ کے منتظر ہمارے شائقین کو خوش کیا ہے‘۔

2010 میں ڈیبیو کرنے والے ون ڈے کپتان اظہر علی نے کبھی پاکستان میں انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ انہوں نے زمبابوے کے دورے پر اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے اسے خواب کی تعبیر قرار دیا ہے۔

’پاکستان میں کرکٹ کی واپسی بہت حوصلہ افزا ہے۔یہ میرے جیسے کھلاڑیوں کیلئے، جنہوں نے کبھی بھی ہوم گراؤنڈ میں نہیں کھیلا، بہت خاص دن ہے‘۔

علی کے علاوہ پاکستان ٹیم کے چھ دیگر کھلاڑی عمر اکمل، جنید خان، راحت علی، محمد عرفان، اسد شفیق اور احمد شہزاد بھی کبھی گھر پر عالمی کرکٹ کا تجربہ حاصل نہیں کر پائے۔

علی کہتے ہیں:ہمارے شائقین قومی ستاروں کو پاکستانی گراؤنڈز پر ایکشن میں نہیں دیکھ سکے اور یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کو ایک امنگ دے گی۔

’میری دعا ہے کہ یہ دورہ کامیابی سے ختم ہو تاکہ آئندہ زیادہ سے زیادہ ٹیمیں ہمارے میدانوں میں کھیلنے کیلئے آ ئیں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں