زمبابوے کیخلاف سیریز 'بڑی' کامیابی، سرفراز

21 مئ 2015
وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد۔ اے ایف پی فائل فوٹو۔
وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد۔ اے ایف پی فائل فوٹو۔

کراچی: حال ہی میں شادی کے رشتے میں منسلک ہونے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے زمبابوے کے خلاف سیریز کو ہدف بنالیا۔

خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے منگل کے روز کہا کہ 'زمبابوے کا دورہ چھوٹا ہے لیکن چھ سال بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ایک بڑی کامیابی ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'میں اس موقع کا جشن بڑے انداز میں منانا چاہتا ہوں اور اپنے ملک کا نام سرخرو کرنے کا خواہشمند ہوں۔'

اس موقع پر انہوں نے زمبابوے کو دورہ پاکستان کے لیے قائل کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی۔

سرفراز اس سے قبل 2008 کے ایشیا کپ میں پاکستانی سرزمین پر بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شادی کی تھکادینے والی تقاریب کے باوجود وہ بہترین نتائج دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے زمبابوین ٹیم کے حوصلے کو سراہا اور کہا کہ ان کے دورہ پاکستان سے دنیائے کرکٹ میں پاکستان کے حوالے سے مثبت پہلو اجاگر ہوگا۔

سرفراز نے کہا کہ 'ہر کوئی زمبابوے کے دورے پر خوش ہے کیوں کہ اس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں۔'

سرفراز اب لاہور روانہ ہوں گے جہاں وہ ٹیم میں شامل ہوں گے تاہم پیر کو ان کا ولیمہ ہے جس کے لیے وہ کراچی واپس آئیں گے۔

ولیمے کے بعد وہ دوبارہ لاہور چلے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں