پاکستان میں کرکٹ کی بحالی تاریخی لمحہ ہے، آفریدی

اپ ڈیٹ 21 مئ 2015
پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی لاہور میں پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ ڈان نیوز اسکرین گریب۔
پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی لاہور میں پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ ڈان نیوز اسکرین گریب۔

لاہور: پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے چھ سال بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ چیلنج قبول کیا ہے اور شکست سے گھبرانے والے نہیں۔

لاہور میں پاک زمبابوے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ میچوں میں بھی نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ورلڈٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم تیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم وہ سلیکشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ۔

ٹی ٹوئنٹی کپتان نے کہا کہ ٹیم سےاچھی کارکردگی کی امید ہے تاہم ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک اور فاسٹ باؤلر محمد سمیع کی کافی خدمات ہیں اور وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھاکر ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں۔

واٹمور کی موجودگی سے ہمیں فائدہ ہوگا، ایلٹن چگمبرا

دوسری جانب زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے کہا ہے کہ سیریز کے لئے سیکیورٹی و دیگر انتظامات انتہائی تسلی بخش ہیں اور پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق پاکستانی اور موجودہ زمبابوین کوچ ڈیو واٹمور کی موجودگی سےٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔

ڈیو واٹمور نے 2012 سے 2014 کے درمیان پاکستان کی کوچنگ کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں اور تمام تر توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mohd tarique May 21, 2015 06:39pm
Ye bahut achhi bat hay ki pakistan me cricket ki bahali pe