لاہور: زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی پانچ وکٹ سے کامیابی کے ساتھ ہی ملک میں عالمی کرکٹ بھی بحال ہو گئی ہے۔

2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستانی ٹیم کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنی پڑیں۔

تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے قذافی اسٹیڈیم میں زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبرا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

حکومت پاکستان نے میچ کے لئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اسٹیڈیم اور اس کے اطراف نو ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی۔

زمبابوین اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 58 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر دونوں اوپنرز یکے بعد دیگرے سمیع کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ ایک اوور بعد زمبابوے کو تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب چارلس کوونٹری امپائر احسن رضا کے غلط فیصلے کا شکار بن گئے۔

اس موقع پر کپتان ایلٹن چگمبرا نے شان ولیمز کے ساتھ ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن شان ولیمز شعیب ملک کو وکٹ دے بیٹھے۔

ولیمز کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید زمبابوین ٹیم زیادہ اسکور نہ کر سکے لیکن چگمبرا نے شاندا نصف سنچری اسکور کر کے اسکور کو 172 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، چگمبرا نے 35 گیندوں پر 54 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع تین اور وہاب ریاض دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

جواب میں پاکستانی اوپنرز احمد شہزاد اور مختار احمد نے ریکارڈ شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا خصوصاً مختار کا انداز خاصا جارحانہ تھا جس کی بدولت پاکستان کو پہلی وکٹ کیلئے 142 رنز کا شاندار آغاز ملا۔

دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ برابر کردیا جو کامران اکمل اور سلمان بٹ نے 2010 میں بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔

احمد شہزاد 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اگلے ہی اوور میں مختار بھی 83 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان باآسانی ہدف تک رسائی حاصل کر لے گا لیکن جلد ہی محمد حفیظ اور عمر اکمل پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی اوور میں شعیب ملک بھی وکٹ دے بیٹھے لیکن کپتان شاہد آفریدی نے چوکا لگا کر پاکستان کو یادگار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

مختار احمد کو شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار 24 مئی کو کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Imran Ali May 22, 2015 08:15pm
It is great news but real question is how you are going to bring fans in stadium!
Israr Muhammad Khan Yousafzai May 23, 2015 12:14am
کرکٹ کی واپسی پر ھم کرکٹ بورڈ کو مبارکباد کہتے ھیں اور حاص طور پر زمبابوے کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ھیں جن کی مدد سے یہ سب کچھ ممکن ھوسکا دونوں نے اچھا کھیل پیش کیا عوام بہت عرصہ بعد کھیل کا مزا ملک دیکھا اس سلسلے کو مزید اگے لے جانا ھوگا اگر یہ دورہ کامیاب رہا تو امید کی جاسکتی ھے کہ دیگر ملک بھی آئندہ پاکستان کا دورہ کرینگے کرکٹ اچھا رہا شائقین کی تعداد بھی بہت اچھی رہی انتظامات بھی اچھے تھے سیکورٹی کے انتظامات بہت زبردست تھے جسکا کریڈیٹ حکومت پنجاب کو ملنا چاہئے