زمبابوےٹیم کی آمد،"زیادہ امیدیں نہیں لگانی چاہیے"

اپ ڈیٹ 24 مئ 2015
آئی سی سی پوری طرح BIG-3 کے شکنجے میں ہے، سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود۔۔۔۔ فائل فوٹو: رائٹرز
آئی سی سی پوری طرح BIG-3 کے شکنجے میں ہے، سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود۔۔۔۔ فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ میڈیا اور پی سی بی زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان پر مبالغہ آرائی کررہا ہے۔

ان کے بقول ایسا نہیں ہے کہ زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد انٹرنیشنل ٹیمیں فوراً یہاں کھیلنے کو تیار ہوجائیں گی، یہ دورہ اتنا موثر نہیں ہوگا، ہمیں زیادہ امیدیں نہیں باندھنی چاہیئں۔

ڈان نیوز کے پروگرام خبر سے خبر میں گفتگو کرتے ہوئے سابق پی سی بی سربراہ کا کہنا تھا ہمارا میڈیا اور بورڈ زمبابوے ٹیم کے دورے پر مبالغہ آرائی کرکے بیرونی دنیا کو تاثر دینا چاہتا ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ہے تاہم یہ پیغام زیادہ موثر نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا بیرونی دنیا کو یہ تاثر تب تک نہیں دیا جاسکتا جب تک ہم دہشگردی کے واقعات پر مکمل قابو نہیں پالیتے کیوںکہ جب بھی ملک میں کوئی دہشتگردانہ کارروائی ہوتی ہے اس کا تاثر بھی باہر جاتا ہے جو زیادہ طاقتور ہوتا ہے۔

خالد محمود نے کہا کہ زمبابوے کے بعد بگ تھری سمیت ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار نہیں ہوں گی، زیادہ سے زیادہ امید ایشین بلاک کی ٹیموں سے رکھی جاسکتی ہے۔

سابق پی سی بی چیئرمین نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملکی میدانوں کو آباد کرنے کیلئے آئی سی سی نے باجود زبانی جمع خرچ کے میچ کیلئے کوئی آفیشل تک نامزد کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاملے میں آئی سی سی کا رویہ دوغلا ہے، یہ وہ آئی سی سی نے جو پرانے زمانے میں ہوتی تھی ،اب یہ پوری طرح بگ تھری کے پنجے میں ہے۔

ان کے بقول بگ تھری میں سب سے زیادہ مضبوط اور طاقتور ہمارا ہمسایہ ملک ہندوستان ہے، انڈیا کسی طور نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے ، اس کی سیاسی اور خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہی پاکستان کو تنہائی کا شکار رکھنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بورڈ کے سابق سربراہ نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سہرا کرکٹ بورڈ کے سر جاتا ہے، اس کے لئے انہوں نے خاصی محنت کی، پی سی بی کے بعد اس کا کریڈٹ ڈیو واٹمور اور زمبابوے ٹیم کو جاتا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Imran Qadri May 23, 2015 02:24pm
Khalid Mehmood Sahab Konsa asa molk jo 100 % Mehfooz ho Al Hamdo Lillah Hum ne Dehshat Gardi pe Kafi Had Tak Ksbo Pa Lia He