اجمل کی کمی محسوس کررہے ہیں، وقار

اپ ڈیٹ 23 مئ 2015
سعید اجمل۔ فائل فوٹو۔
سعید اجمل۔ فائل فوٹو۔

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر وقار یونس نے کہا ہے کہ ٹیم آف اسپنر سعید اجمل کی کمی محسوس کررہی ہے۔

اجمل کا کریئر اپنے نئے باؤلنگ ایکشن کے ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوران بحال ہوا تاہم ان کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی۔

ناقص کارکردگی کے باعث اجمل کو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ ایک روزہ ٹیم میں بھی ان کی شمولیت کے کم ہی امکانات ہیں۔

مزید پڑھیں: فتح کے ساتھ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال

زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دینے کے بعد وقار نے کہا 'میں نہیں سمجھتا کہ ہم مستقبل قریب میں ایک اور اجمل تلاش کرپائیں گے اور اس کمی کو ہم محسوس کررہے ہیں۔' خیال رہے کہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان میں یہ پہلی ٹیسٹ ٹیم کا دورہ تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے مشکوک ایکشن سے قبل سعید اجمل پاکستان کے اہم ترین باؤلر تصور کیے جاتے تھے جنہوں نے 64 ٹی ٹوئنٹی میں 85 جبکہ 113 ایک روزہ میچوں میں 184 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زمبابوےٹیم آمد،"زیادہ امیدیں نہیں لگانی چاہیئے"

یونس نے کہا 'آپ کو نوجوانوں کو موقع دینا پڑا تھا اور ہمارے پاس دو، تین قابل کھلاڑی موجود ہیں جن میں عماد وسیم بھی شامل ہیں۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر انہوں نے کہا کہ 'ہمیں اہلیان لاہور اور تمام پاکستانیوں پر فخر ہے، ہمیں صبر کرنا ہوگا، شائقین کو گراؤنڈ میں داخل ہونے میں مشکل ہوئی ہوگی لیکن جس جذبہ کے ساتھ انہوں نے پورا میچ دیکھا وہ قابل دید تھا۔'

انہوں نے کہا کہ میچ سے قبل جب ٹیم گراؤنڈ میں داخل ہوئی تو جذبات کو قابو میں رکھنا مشکل ہوگیا تھا۔

تاہم وقار کا کہنا تھا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایات دی تھیں کہ وہ اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے باعث پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہوسکی۔

امید کی جارہی ہے کہ اتوار کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شائقین کی جانب سے ایسے ہی جذبہ کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اے پی۔

تبصرے (0) بند ہیں