دوسرا ٹی ٹوئنٹی: قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان

24 مئ 2015
زمبابوے کی ٹیم ہفتہ کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرنے میں مصروف — اے ایف پی فوٹو
زمبابوے کی ٹیم ہفتہ کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرنے میں مصروف — اے ایف پی فوٹو

لاہور : زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

پاکستان کو دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

جمعے کو گرین شرٹس نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مہمان ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم زمبابوے کے خلاف اتوار (آج )دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کچھ تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے قومی ٹیم کو لازمی جیت درکار ہے۔

فاسٹ باﺅلر بلاول بھٹی کو ممکنہ طور پر پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی پر اسکواڈ سے باہر ہونا پڑسکتا ہے۔

بلاول بھٹی کی جگہ نوجوان آل راﺅنڈر عماد وسیم یا آل راﺅنڈر حماد اعظم کو ٹیم کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی تاہم ان تینوں میں سے عمر اکمل اور محمد حفیظ کو مزید چانس ملنے کا امکان ہے۔

تاہم شعیب ملک کی جگہ نعمان انور کو گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

ہیڈ کوچ وقار یونس نے نے بھی پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد نیوز کانفرنس میں اسکواڈ میں ممکنہ تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دوسرے میچ میں دیگر کھلاڑیوں کو چانس دیا جاسکتا ہے۔

وقار یونس نے بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں خامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔

دوسری جانب وقار یونس نے محمد حفیظ، عمر اکمل اور شعیب ملک کی جانب سے وکٹیں گنوانے پر کسی قسم کی تشویش کا اظہار نہیں کیا حالانکہ ان تینوں پر کوئی دباﺅ بھی نہیں تھا کیونکہ اوپنر مختار احمد اور احمد شہزاد نے 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 142 رنز کا طوفانی آغاز فراہم کیا تھا۔

اگر دونوں اوپنر زبردست آغاز فراہم نہ کرتے تو پاکستان کو زمبابوے کے طے کردہ ہدف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا تھا۔

زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبرا نے بھی اعتراف کیا تھا کہ پاکستانی اوپنر کی 142 رنز کی ریکارڈ شراکت نے ان کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ یں سو رنز کی شراکت داری ہمیشہ ہی اہم ثابت ہوتی ہے تاہم انہوں نے سیریز میں واپسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے میچ میں سامنے آنے والی غلطیوں پر قابو پانے کے لیے کام کررہے ہیں۔

پاکستانی باﺅلرز بھی پہلے میچ میں زمبابوے کو بڑا اسکور کرنے سے روکنے میں ناکام رہے اس لیے دوسرا ٹی ٹوئنٹی ان کے لیے ایک چیلنج ثابت ہونے والا ہے۔

زمبابوے کی ٹیم نے ہفتہ کو قذافی اسٹیڈیم میں تین گھنٹے تک تربیتی سیشن میں شرکت کی تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے کچھ دیر تک ہی ٹریننگ کی۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں گیارہ رکنی اسکواڈ کا حصہ نہ بننے والے نعمان انور، عماد وسیم اور حماد اعظم نے پاکستان کے ون ڈے کپتان اظہر علی اور مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کے ہمراہ تربیتی سیشن میں شرکت کی۔

پاکستانی کھلاڑی پریکٹس کرتے ہوئے — اے ایف پی فوٹو
پاکستانی کھلاڑی پریکٹس کرتے ہوئے — اے ایف پی فوٹو

علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پولیس حکام کے درمیان ہفتہ کو ایک اجلاس ہوا جس میں جمعے کے میچ میں سامنے آنے والی خامیوں پر قابو پانے کے لیے انتظامات پر نظرثانی کی گئی۔ اجلاس کے بعد پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ یں تمام انکلوژرز میں اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے پرستاروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی سی بی نے دیگر ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک سے رابطہ کرکے پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ بغیر کسی ڈر کے کرسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں