راجر فیڈرر فرنچ اوپن منتظمین پر برہم

24 مئ 2015
پیرس:ایک لڑکا میچ ختم ہونے کے بعد راجر فیڈرر کے ساتھ سلیفی لیتے ہوئے۔ — رائٹرز
پیرس:ایک لڑکا میچ ختم ہونے کے بعد راجر فیڈرر کے ساتھ سلیفی لیتے ہوئے۔ — رائٹرز

پیرس:سوئس ٹینس سٹار راجر فیڈرر کمزور سیکیورٹی ملنے پرفرنچ اوپن کی انتظامیہ پر برس پڑے۔

17 مرتبہ گرینڈ سلیم جیتنے والے فیڈرر اتوار کے روز کولمبین حریف کو شکست دینے کے بعد کورٹ سے جا رہے تھے جب اچانک ایک لڑکا دوڑتا ہوا آیا اور سوئس سٹار کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی۔

سیکیورٹی عملے نے فوراً لڑکے کو پکڑ لیا لیکن 33 سالہ فیڈرر سیکیورٹی کی کمزوری پر غصے میں آ گئے ۔

’جو کچھ بھی ہوا میں اس پر خوش نہیں۔ گزشتہ روز پریکٹس کے دوران بھی ایسا ہی ہوا جب تین بچے آ گئے اور آج ایسا ہی واقعہ سینٹر کورٹ میں پیش آیا جہاں آپ ایسی حرکت کا تصور بھی نہیں کر سکتے‘۔

’اس حوالے سے کچھ اقدامات اٹھائے جانے چاہیں۔ عموماً میں اپنی ذات کے حوالے سے ہی بات کرتا ہوں لیکن آج پیش آنے والی صورتحال کے بعد میں دوسرے کھلاڑیوں کی جانب سے بھی کہوں گا کہ ہمیں اپنا کھیل پیش کرنے کے دوران تحفظ کا احساس ملنا چاہیے‘۔

خیا ل رہے کہ 2009 کے فائنل میں بھی فیڈرر کو اسی طرح کی صورتحال دیکھنا پڑی تھی جب اسی کورٹ میں ایک مداح بھاگتا ہوا آیا اور ان کےسر پر اپنی ٹوپی رکھ دی۔

1993 ہیمبرگ میں ایک مداح کی جانب سے مونیکا سیلس کو چھری گھونپنے کےواقعہ کے بعد سے ٹینس ٹورنامنٹس کے دوران کھلاڑیوں کا تحفط بڑی تشویش کا سبب رہا ہے۔ اے ایف پی

تبصرے (0) بند ہیں