ممئی: انڈین پرمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے آٹھیں سیزن کے فائنل میں ممبئی انڈینز نے چنئی سپر کنگز کو 41 رنز سے ہرا کر دوسری مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اتوار کو ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تاہم چنئی مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں پر صرف 161 رنز ہی بنا سکی۔

ٹورنامنٹ کےپہلے دو ہفتوں میں پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے رہنے کے بعد ممبئی نے شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے فائنل میچ جیت لیا۔

یاد رہے کہ ممبئی نے 2013 کے ایڈیشن میں اسی میدان پر اسی ٹیم کے خلاف پہلی مرتبہ ٹرافی جیتی تھی۔

آج کھیلے گئے میچ میں چنئی کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجو تباہ کن ثابت ہوا۔

چنئی کے فاف ڈو پلیسی نے پاتیو پٹیل (0)کو شاندار انداز میں رن آؤٹ کر کے اچھا آغاز فراہم کیا لیکن دوسرے اوور میں روہیت شرما کے آنے کے بعد باؤلنگ سائیڈ صرف گیند کے پیچھے دوڑتی نظر آئی ۔

ممبئی کی جانب سے روہت شرما اور لنڈل سمنز نے نصف سینچریاں بنا کر مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کیا۔

دھونی نے حیران کن طور پر اپنے لیڈنگ باؤلر ڈؤان براوو کو پہلے باؤلنگ کا موقع نہیں دیا اور جب اننگ کے بارہویں اوور میں انہیں گیند تھمائی گئی تو انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں روہت شرما (50 رنز)کو آؤٹ کر کے پارٹنر شپ ختم کی۔

تاہم، سولہ اوورز میں 150 رنز کے ساتھ ممبئی کے کیرون پولارڈ اور امبتی رائیڈو اپنی جارحانہ بیٹنگ دکھانے کیلئے موجود تھے۔

اننگز کے اختتام پر ممبئی نے 202 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، یہ آئی پی ایل کی تاریخ میں دوسرا موقع تھا کہ کسی ٹیم نے فائنل میں دو سو سے زائد رنز سکور کیے۔

جواب میں چنئی کی بیٹنگ شروع سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی ااور بتدائی اوورز میں سست رفتقار بلے بازی کے باعث میچ سے باہر ہو گئی۔

آسٹریلیا سے آئے مائیک ہسی پانچویں اوور میں محض چار رنز بنا کر رخصت ہو گئے۔

ڈیوین اسمتھ اور سریش رائنا نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے اسکور 88 رنز پر پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پرنصف سنچری بنانے والے اسمتھ(57) ہربھجن سنگھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر زیادہ دیر کھڑی نہ رہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی، سولہویں اوور تک رائنا (28)، براوو (9)، کپتان دھونی (18)، ڈیوپلیسی (1) رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

موہت شرما نے اختتامی اوورز میں کچھ جوہر دکھائے لیکن ان کی یہ کاوش رائیگاں گئی اور چنئی مقررہ بیس اوورز میں161 رنز تک محدود رہی۔

ممبئی کی جانب سےمچل مک کلینگن تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ لاستھ ملنگا اور ہربھجن دو دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

ممبئی کے کپتان روہیت کو فائنل کا مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں