دہشت گردی میں ہندوستانی کردار کی تصدیق

اپ ڈیٹ 25 مئ 2015
وزیر دفاع خواجہ آصف۔ —. فائل فوٹو رائٹرز
وزیر دفاع خواجہ آصف۔ —. فائل فوٹو رائٹرز

اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے ہندوستانی وزیردفاع کے ایک حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس بیان سے ’’پاکستانی سرزمین پر دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ہندوستانی شمولیت کے حوالے سے ہمارے دعوے‘‘ کی تصدیق ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پریکر نے دھمکی دی تھی کہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف دہشت گردی استعمال کرے گا۔ ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق وزیردفاع منوہر پاریکر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’کانٹے سے کانٹا نکالنا چاہیے۔‘‘

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہندوستانی وزیردفاع نے واضح الفاظ میں یہ تسلیم کرلیا ہے کہ ہندوستان، پاکستان میں دہشت گردی کی کفالت کررہا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ’’کابینہ کی سطح پر ایک ریاستی منصب دار کی جانب سے اس قسم کے بدترین اعلان سے یہ تصدیق ہوجاتی ہے کہ دہشت گرد سرگرمیوں کو روکنے کے نام پر ہندوستان اپنے پڑوسی ملکوں کے خلاف دہشت گردی کی کفالت کررہا ہے۔‘‘

یاد رہے کہ ہفتہ کے روز وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا تھا کہ منوہر پریکر کا بیان علاقائی امن کے لیے خطرناک تھا اور اس سے ہندوستانی عزائم بے نقاب ہوگئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو امن کی ضرورت ہے، لیکن ہندوستان دہشت گردوں کو استعمال کرنے کی باتیں کررہا ہے۔

پرویز رشید نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی بدترین قسم کی کا مظاہرہ کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ’’دنیا کو امن، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت ہے، اور بین الاقوامی طاقتوں کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔‘‘

تبصرے (0) بند ہیں