اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے قائد اعظم یونیورسٹی کو جنرل کیٹگری میں پاکستان کی سب سے بہترین یونیورسٹی قرار دیا ہے۔

کمیشن کی جانب سے پیر کو 2014 کی بہترین یونیورسٹیوں کی ایک درجہ بندی جاری کی گئی جس کے مطابق ، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پنجاب یونیورسٹی بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

انجنیئر نگ یونیورسٹیوں میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، بزنس تعلیم میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ،زرعات میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، طبی سائنس میں آغا خان یونیورسٹی جبکہ فنون لطیفہ کی کیٹگری میں نیشنل کالج آف آرٹس سر فہرست قرار پائے۔

ایچ ای سی سیکریٹریٹ میں منعقد ایک تقریب میں رینکنگ کا اعلان کرتے ہوئے کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ تعلیمی میدان میں مقابلے کی فضا برقرار رکھنے، تحقیق اور ایجادات کیلئے ایسی درجہ بندیاں دنیا بھر میں معمول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے طالب علموں اور ان کے والدین کو یونیورسٹی منتخب کرنے میں رہنمائی ملتی ہے۔

احمد نے بتایا کہ 2014 کی درجہ بندی کیلئے طریقہ کار میں جدت لائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ ہائیر ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ کی درجہ بندی عمومی اور چھ کیٹگریز ( جنرل، انجنئیر نگ ، بزنس ایجوکیشن، زرعات، طب اور فنون لطیفہ)میں کی گئیں۔

ایچ ای سی چیئرمین کے مطابق، درجہ بندی میں صرف کمیشن کی منظور شدہ یونیورسٹیوں کو رکھا گیا تھا، تاہم 2009 کے بعد قائم ہونے والی تعلیمی اداروں اور distance-learning پروگرام پیش کرنے والوں کو اس لیے شامل نہیں کیا گیا تاکہ انہیں درکار معیار حاصل کرنے کیلئے وقت دیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ درجہ بندی کیلئے کوالٹی اشورنس، ٹیچنگ کا معیار، ریسرچ، مالی پوزیشن اور فراہم کردہ سہولیات اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کو مدنظر رکھا گیا۔

خیال رہے کہ کمیشن نے درجہ بندی کا سلسلہ 2006 میں شروع کیا تھا، جس کے بعد دوسری مرتبہ 2012 اور پھر 2013 میں ان کے اعلان کیے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں