گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد

وزیراعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
وزیراعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے گیس کی قیمتوں میں فوری اضافے کی تجویز مسترد کردی ہے۔

منگل کو وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت پیٹرولیم نے بریفنگ میں بتایا کہ گیس کی قیمتیں نہ بڑھنے کی وجہ سے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

وزارت پیٹرولیم نے کابینہ اور وزیراعظم سے گیس قیمتوں میں 16 سے 60 فیصد تک اضافے کی درخواست کی تاہم وزیراعظم نے گیس کی قیمتوں میں فوری اضافے کی تجویز مسترد کردی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا یہ وقت مناسب نہیں، مناسب وقت آنے پر گیس کی قیمتیں بڑھانے کی اجازت دی جائے گی۔

بجٹ اسٹرٹیجی پیپر 16۔2015 کی منظوری

فوٹو/ بشکریہ وزیراعظم ہاؤس
فوٹو/ بشکریہ وزیراعظم ہاؤس

وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ اسٹرٹیجی پیپر 16۔2015 کی منظوری دے دی گئی۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں موجودہ معاشی صورتحال اور اگلے مالی سال کے لیے مجوزہ اہداف پر غور کیا گیا۔

آج منظور کیا گیا بجٹ سٹرٹیجی پیپر ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے ، ٹیکس کا دائرہ بڑھاتے ہوئے ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے سے متعلق رہنماء اصول فراہم کرتا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی آئندہ بجٹ کا محور ہونا چاہیے تاکہ ملکی معیشت میں استحکام کے ثمرات ان تک پہنچ سکیں۔

وزیراعظم نے گزشتہ دو سال کے دوران اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے رحجان کو سراہتے ہوئے وزارت تجارت کو ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ محاصل میں اضافے کے لیے ٹیکس اور ڈیوٹیز کی شرح میں کمی اور ٹیکسوں کا دائرہ بڑھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اس اقدام سے لوگوں کی رضاکارانہ طور پر ٹیکس کی ادائیگی کے لیے حوصلہ افزائی ہو گی۔

کابینہ نے قرار دیا کہ زیر تکمیل بڑے منصوبوں کے ثمرات اگلے 5 سے 10 سال میں ملنا شروع ہوں گے جبکہ نجی شعبے کی مدد سے موجودہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کابینہ کومعاشی کارکردگی اور معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو 'ملک میں معاشی استحکام اور اعلیٰ ترقی' لانے پرمبارکباد دی۔

سیکریٹری فنانس ڈاکٹر وقار مسعود خان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر پریزنٹیشن پیش کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی بجٹ کو قومی اسمبلی میں 5 جون کو پیش کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Sharminda May 27, 2015 02:05pm
Jab gas hai hi nahin tu qeemtain barhanay ka kia faida.