کراچی: 2 خود کش بمباروں سمیت 7 دہشتگرد ہلاک

سندھ رینجرز کے ترجمان بریگیڈیئر خرم —۔ڈان نیوز اسکرین گریب
سندھ رینجرز کے ترجمان بریگیڈیئر خرم —۔ڈان نیوز اسکرین گریب

کراچی: شہر قائد میں رینجرز نے کامیاب کارروائیوں کے دوران دو خودکش بمباروں سمیت 7 دہشت گردوں کوہلاک کرکے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

منگل کو سندھ رینجرز کے ترجمان بریگیڈیئر خرم نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پیر کو اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں رینجرز کی کارروائی کے دوران مقابلے میں خودکش بمبار سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں ہی ایک اور مقابلے میں بھی دہشت گردوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے دھماکہ خیز مواد سے خود کو اڑا لیا۔

ملزمان کے قبضے سے 10 خودکش جیکٹس، راکٹ، بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد سمیت بموں میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا گیا۔

رینجرز ترجمان نے بتایا کہ پیر کی رات لانڈھی میں تیسری کارروائی کی گئی جہاں سے بڑی تعداد میں بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔

مزید پڑھیں:کراچی: رینجرز آپریشن کے دوران بم دھماکا

ترجمان نے بتایا کہ اورنگی ٹاون میں کارروائی کے دوران 6 مئی کو بلدیہ ٹاؤن سے اغواء کیے گئے بچے فہد مرزا کو بھی بازیاب کرایا گیا، جس کی رہائی کے لیے کروڑوں روپے کا تاوان طلب کیا گیا تھا۔

رینجرز ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں نے ملیر کینٹ پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا۔

ترجمان کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں گزشتہ رات مارے گئے دہشت گرد علاقے میں آلو بیچتے تھے اور چار ماہ سے خاندان کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔

بریگیڈیئر خرم کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) سے ہے اور گرفتار دہشت گرد سے تفتیش کے ساتھ دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کے لیےکارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر انھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں