سلمان کے لیے ایک اور عدالتی ریلیف

26 مئ 2015
سلمان خان — فوٹو اے ایف پی
سلمان خان — فوٹو اے ایف پی

سلمان خان کو ممبئی کی ہائیکورٹ نے ایک ایوارڈ تقریب میں شرکت کے لیے دبئی جانے کی اجازت دے دی ہے۔

ہٹ اینڈ رن کیس میں پانچ سال کی سزا سے ضمانت ملنے کے بعد منگل کے روز سلمان خان کو ایک اور عدالتی ریلیف اس وقت ملا جب ممبئی ہائی کورٹ نے انہیں دبئی جانے کی اجازت دے دی۔

بولی وڈ اداکار سلمان خان کو 29 مئی کو دبئی میں منعقد ہونے والے ایوارڈ شو میں شرکت اور پرفارم کرنا ہے۔

جج شالنی پھنسلکر جوشی نے اداکار سلمان خان کو کچھ شرائط و ضوابط کے ساتھ غیر ملکی دورے کی اجازت دی۔

سلمان کو اپنا دورہ 3 دن یعنی 27 سے 30 مئی تک مکمل کرنا ہوگا ، جبکہ اداکار کو حکام کو آگاہ کرنا ہوگا کہ وہ کس پرواز سے دبئی جائیں گے، وہاں کہاں قیام کریں گے، موبائل فون سمیت رہائشی جگہ کے لینڈ لائن نمبر وغیرہ کیا ہے۔

سلمان خان کے وکیل کے مطابق اداکار وطن واپسی کے بعد 12 گھنٹوں کے اندر اپنا پاسپورٹ پولیس کے پاس دوبارہ جمع کروا دیں گے۔

جج پھنسلکر جوشی کا مزید کہنا تھا کہ سلمان کو اپنے جانے اور واپسی پر 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے ہونگے اور دبئی میں انڈین قونصلیٹ کو اس بات سے آگاہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ سلمان خان نے اپنی اپیل میں عدالت سے ایوارڈ میں پرفارم کرنے کے لیے دبی جانے کی اجازت طلب کی تھی جو کہ 29 مئی کو منعقد ہوگا۔

سلمان خان کو رواں ماہ کے آغاز میں ہٹ اینڈ رن کیس میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

یاد رہے کہ 2002 میں سلمان خان ممبئی کے علاقے باندرا میں مبینہ طور پر اپنی گاڑی سے 4 لوگوں کو زخمی اور 1 کو ہلاک کر کے وہاں سے فرار ہو گئے تھے۔

ہائی کورٹ نے سلمان خان پر 30000 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا کیوں کہ وہ کورٹ میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں