سعودی سالمیت کیلئے کردار کرتے رہیں گے، سرتاج

اپ ڈیٹ 28 مئ 2015
مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز۔ اے ایف پی فائل فوٹو۔
مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز۔ اے ایف پی فائل فوٹو۔

اسلام آباد: مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز کی اسلامی سربراہی کانفرنس (او آئی سی) کی 42ویں اجلاس کے موقع پر کویت میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ عدل بن احمد الجبیر سے ملاقات ہوئی۔

مشیر خارجہ نے اس موقع پر احمد الجبیر کی سعودی وزیر خارجہ تعیناتی پر مبارک باد دی اور سعودی عرب میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادارانہ اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں جن کی بنیادیں بہت مضبوط ہیں اور یہ مزید مضبوط ہوتے جارہے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت اور سرمایہ کاری مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

الجبیر نے سعودی عرب کی ترقی میں 20 لاکھ پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا جبکہ یمن تنازعے پر بھی بات چیت کی گئی۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور سیکیورٹی کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے یمن تنازعے کے پرامن حل کے لیے خطے میں پاکستانی کردار کے حوالے سے بھی سعودی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

سرتاج عزیز نے پاک چین راہداری منصوبے پر بھی سعودی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا جس میں مجموعی طور پر چین پاکستان میں 46 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں