راولپنڈی: راولپنڈی کی ایک احتساب عدالت نے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور دوسروں کو اتفاق فاؤنڈریز کیس میں بری کر دیا۔

جمعرات کو احتساب عدالت کے جج سہیل ناصر نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے اتفاق فاؤنڈریز کیس کی تحقیقات دوبارہ شروع کرنے سے متعلق2011 میں دائر کی گئی ایک درخواست مسترد کر دی۔

جج نے درخواست مسترد کرتے ہوئے شریف برادران کے ساتھ ساتھ شمیم اختر، کلثوم نواز، مرحوم عباس شریف اور فاؤنڈری کے ڈائریکٹرز کو بھی بری کر دیا۔

نیب کی جانب سے 2014 میں دائر ایک ریفرنس کے مطابق، اتفاق فاؤنڈریز اور اُس وقت کے ڈائریکٹرز نواز شریف، شہباز شریف، میاں جاوید صوفی، میاں یوسف عزیز، میاں طارق شفیع اور دوسرے 1994 سے نیشنل بینک پاکستان کے ایک ارب روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں۔

دسمبر 2014 میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہزادہ مظہر نے فاؤنڈری سے قرضہ ریکور کرنے سے متعلق نیشنل بینک کی 18 سال سے دائر درخواستیں خارج کر دی تھیں۔

بینک کے ایک ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ نے نو دسمبر، 2014 کو جسٹس مظہر کے سامنے بیان دیا تھا کہ کمپنی تمام قرضہ ادا کر چکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں