امریکا۔ہندوستان جوہری تعاون اسٹرٹیجک استحکام کیلئے نقصان دہ

اپ ڈیٹ 02 جون 2015
سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری — فائل فوٹو/ اے پی
سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری — فائل فوٹو/ اے پی

واشنگٹن : سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا کا ہندوستان کے ساتھ جوہری معاہدہ جنوبی ایشیاء میں اسٹرٹیجک استحکام کو متاثر کرے گا۔

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری پاکستان اور امریکا کے درمیان سیکیورٹی، اسٹرٹیجک استحکام اور جوہری عدم پھیلاﺅ پر منگل سے شروع ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹرٹیجک توازن کو برقرار رکھنا جنوبی ایشیاءمیں امن کے لیے ضروری ہے۔

پیر کو پاکستانی سفارتخانے میں میں ایک نیوز بریفننگ کے دوران ان کا کہنا تھا " یہ ان مذاکرات کے لیے ہماری مرکزی لائن ہے"۔

انہوں نے کہا " ہندوستان کے خطرے کا احساس ہی پاکستان کے جوہری پروگرام کا واحد منطقی وجہ ہے، یہ استعمال کے لیے نہیں بلکہ دفاعی ہتھیار ہے"۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ امریکا ہندوستان جوہری معاہدہ جس پر 2006 میں دستخط ہوئے، نے " اس خطے کے اسٹرٹیجک استحکام کو متاثر کیا جو اس معاہدے پہلے موجود تھا"۔

انہوں نے کہا کہ جنوری 2004 میں جوہری اعتماد سازی کی بات چیت کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور ہندوستان دونوں کو خطے میں " اسٹرٹیجک توازن کا عنصر قرار دیا گیا تھا"۔

انہوں نے مزید کہا " کوئی بھی امتیازی سلوک اسٹرٹیجک استحکام کے لیے اچھا نہیں ہوگا"۔

سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان کو عالمی سطح پر ذمہ دار جوہری ریاست کی حیثیت سے جانا گیا ہے۔

ان کے بقول " ہم نے کسی بھی قسم کے جوہری مواد کے پھیلاﺅ کے مضبوط برآمدی کنٹرول کے قیام کے لیے طویل جدوجہد کی ہے اور ہماری برآمدی کنٹرول فہرستوں کو کثیرالملکی برآمدی قوانین سے ہم آہنگ کیا گیا ہے"۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ جوہری تحفظ ایک اور شعبہ ہے جس میں پاکستان نے نمایاں پیشرفت کی ہے " ہمارے پاس چار بجلی کی پیداوار کا چار دہائیوں سے زائد کا تجربہ ہے اور ہماری جوہری تنصیبات مکمل طور پر محفوظ ہیں"۔

انہوں نے کہا کہ منگل سے شروع ہونے والے مذاکات میں " ہر قسم کے موضوعات" پر بات ہوگی جن میں جنوبی ایشیاءمیں اسٹرٹیجک استحکام بشمول جوہری عدم پھیلاﺅ، سول جوہری تعاون اور جوہری تحفظ کے دیگر شعبے، سیکیورٹی وغیرہ شامل ہیں۔

امریکا کی آرمز کنٹرول اینڈ انٹرنیشنل سیکیورٹی کے انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ روز ایلینی گوٹیمویلیر مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کریں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں