کینپ میں فنی خرابی، کراچی میں بجلی کا شدید بحران

اپ ڈیٹ 29 جون 2015
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو
— فوئل فوٹو/ اے ایف پی
— فوئل فوٹو/ اے ایف پی

کراچی میں بجلی تقسیم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک (کے ای) کا کہنا ہے کہ کراچی کو بجلی فراہم کرنے والا ایٹمی بجلی گھر کینپ فنی خرابی کے باعث بند ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہر میں بجلی کا بحران سنگین ہو گیا ہے۔

کے الیکٹرک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں بجلی کی اوسط طلب 3 ہزار میگاواٹ سے بڑھ گئی ہے جب کہ کینپ پاور پلانٹ سے بجلی کی فراہمی بند ہونے اور کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس کو گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار کم ہے۔

ترجمان کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر اور بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث اب ان علاقوں میں بھی 3 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی جہاں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوتی تھی تاکہ دیگر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کو ساڑھے 7 گھنٹے سے نہ بڑھنے دیا جائے۔

ترجمان کی جانب سے عوام کو بجلی کے غیر ضروری آلات کے استعمال سے گریز کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

کے الیکٹرک کی پیداواری صلاحیت

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے گذشتہ دنوں کراچی میں شدید گرمی کے بعد 12 سو افراد کی ہلاکت کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہرایا تھا جب کہ یہ خبریں بھی گردش کررہی تھیں کہ کے الیکٹرک نے وسائل ہونے کے باوجود اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ نہیں کیا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک بچت پروگرام پر کام کررہی ہے اور شہر میں لوڈشیڈنگ کے ذریعے نجی کمپنیوں سے حاصل ہونے والی بجلی کی تقسیم کاری کا کام کررہی ہے۔

ڈان نیوز کو ملنے والے اعداد شمار کے مطابق کے الیکٹرک کی مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی موجودہ پیداوار 2700 میگاواٹ ہے جبکہ گذشتہ روز طلب 2500 میگاواٹ تھی۔

کے الیکٹرک کے پیدواری یونٹ کی کل صلاحیت 2341 میگاواٹ ہے جبکہ نجی کمپنیوں سے کے الیکٹرک کو 1021 میگاواٹ جبکہ نیشنل گرڈ سے 650 میگاواٹ بجلی فراہم ہوتی ہے۔

اس طرح کے الیکٹرک کو دیگر ذرائع سے مجموعی طور پر 1671 میگاواٹ بجلی حاصل ہورہی ہے جبکہ کے الیکٹرک اپنے وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلا سکتی ہے تاہم ایسا نہیں ہورہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے تمام وہ بجلی پیدا کرنے والے یونٹ بند ہیں جو کہ فرنس آئل سے چلتے ہیں جبکہ گیس سے سستی بجلی پیدا کرنے والے بجلی گھروں سے کمپنی استفادہ حاصل کررہی ہے۔

اس بات کی کی تصدیق وفاقی حکومت کے سپریم کورٹ میں کے الیکٹرک سے متعلق جمع کرائے گئے جواب سے بھی ملتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Jun 29, 2015 09:36pm
niya bahana -na ehli par parda mat daleyN - sharam kareyN