اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیر کے روز حکومت سے درخواست کی ہے کہ رمضان میں سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی میں کمی کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھا جائے۔

وزارت خزانہ اور پیٹرولیم کو بھجوائی کئی سمری میں اوگرا کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے علاوہ جون میں آئل کی تمام بین الاقوامی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی نرخوں میں اضافے کے بعد اوگرا کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں پر ان کا اثر تقریباً 4.26 روپے فی لیٹر پڑے گا جس کے بعد جولائی کے لیے اس کی قیمت 77.79 سے 82.05 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔

اوگرا کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 67 پیسے اضافہ ہوگا جس کے بعد اس کے نرخ 65.61 روپے فی لیٹر ہوجائیں گے۔

اس کے علاوہ ہائی اوکٹین کی قیمتوں میں اضافہ اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں کمی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

اوگرا کے ایک افسر نے کہا کہ حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل کرتے ہوئے رمضان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عام طور پر قیمتوں میں اضافے کا فائدہ تاجر اور ٹرانسپورٹرز اٹھاتے ہیں اور عید سے قبل کرایوں اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس معاملے پر سیاسی فیصلہ کرنا ہوگا کیوں کہ قیمتوں کو ایک ماہ تک برقرار رکھنے سے حکومت کی آمدنی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Jun 30, 2015 03:43am
kiya eisaa kar lo gey? yaqeen hey tumheyN