یاسر شاہ: نو ٹیسٹ کھیل کر ٹاپ ٹین میں شامل

اپ ڈیٹ 01 جولائ 2015
فائل فوٹو اے ایف پی
فائل فوٹو اے ایف پی

پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی ٹیسٹ رینکنگ میں جگہ بنانے کیلئے صرف نو ٹیسٹ میچز کا انتظار کرنا پڑا اور سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے وہ نویں درجے پر پہنچ چکے ہیں، اس سے بہتر کسی کھلاڑی کیلئے کیا ہو سکتا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی سے سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ لیگ اسپنر اب تک نو ٹیسٹ میچوں میں 25.11 کی متاثر کن اوسط سے 54 وکٹیں لے چکے ہیں جس میں تین مرتبہ پانچ اور اتنی ہی مرتبہ اننگ میں چار وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی شامل ہے۔

سری لنکا کے خلاف جاری سیریز میں گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں وہ سری لنکن بیٹنگ کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے جہاں انہوں نے سات وکٹیں لے کر پاکستان کی 10 وکٹ سے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

یاسر نے کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں انہوں نے سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کو آؤٹ کر کے پچاس وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی وہ آٹھ وکٹیں لے کر سری لنکا کے لیے وبال جان بنے رہے لیکن ناقص بیٹنگ کارکردگی نے ان کی محنت پر پانی پھیر دیا۔

’شین وارن کی نقل کرنے کی کوشش کرتا ہوں‘

یاسر شاہ صوابی میں پلے بڑھے لیکن انہیں کرکٹ کھیلنے کے لیے 100 کلو میٹر دور پشاور آنا پڑا۔

’صوابی میں کوئی گراؤنڈ نہ تھے لہٰذا مجھے کھیلنے کیلئے پشاور کی اکیڈمی جانا پڑا۔ شین وارن سے مجھے ہمیشہ سے ہی تحریک ملی، میں نے انہیں ٹی وی پر باؤلنگ کرتا دیکھ کر لیگ اسپن باؤلنگ شروع کی‘۔

’اس کے بعد میرے بھائی نے مجھے لندن سے شین وارن کی ایک ویڈیو بھیجی اور میں اسے روز دیکھ کر ان کے ایکشن کی نقل اور ان کی طرح باؤلنگ کرنے کی کوشش کرتا۔ وارن ایک عظیم کھلاڑی تھے اس لیے میرے وہی ہیں‘۔

صرف یہی نہیں کہ یاسر ہی شین وارن کے مداح ہیں بلکہ جب 2014 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں یاسر کو باؤلنگ کرتے دیکھا تو وہ خود بھی ان کے مداح ہو گئے۔

شین وارن نے اپنی ٹوئٹ میں یاسر کی باؤلنگ اور ان کے ایکشن کی کافی تعریف کی تھی۔

یاسر نے کہا کہ شین وارن کے ان ستائشی الفاظ کے بعد میں دباؤ میں آ گیا تھا تاکہ ان کی اس تعریف پر پورا اتر سکوں اور اب تک یہ بہت اچھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری توجہ اب بھی اچھی لائن، لینتھ اور بہترین کنٹرول کے ساتھ باؤلنگ کرنا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں صبر و تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہوتی ہے اور میں ایسا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Jul 01, 2015 02:53am
شاباس یاسر شاہ اپ نے ملک کا نام روشن کیا