کراچی:سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے حفاظتی قواعد و ضوابط کی مسلسل خلاف ورزیوں پر ایک نجی ائیر لائن کا فلائنگ آپریشن یکم جولائی سے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سی اے اےکی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ طیاروں کی حالت وزار اور حفاظتی قواعد کی مسلسل خلاف ورزیوں سے مسافروں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کو دیکھتے ہوئے حکام نے ائیر انڈس کا فلائنگ آپریشن معطل کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ضروری حفاظتی معیار اپنائے جانے تک ائیر لائن پرپابندی برقرار رہے گی۔

بیان کے مطابق، بار بار ہدایات اور تنبیہ دیے جانے کے باوجود ائیر لائن نے صورتحال بہتر نہیں بنائی جس کی وجہ سے آپریشن معطل کرنا پڑا۔

سی اے اے کے ترجمان پرویز جارج نے ڈان ۔کام کو بتایا کہ ائیر انڈس کے دو طیاروں میں ایک کی حالت تسلی بخش ہے جبکہ دوسرا طیارے میں آئے روز مسائل سامنے آتے رہتے ہیں۔

جارج نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ یکم اور دوسری جولائی کو ائیر لائن کی ٹکٹیں نہ خریدیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی اے اے نے معاملات درست نہ کرنے کی صورت میں آپریشن معطل کرنے کے حوالے سے ائیر لائن کو پہلے ہی خبر دار کر دیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sharminda Jul 01, 2015 12:14pm
People's Party under trouble. To my knowledge Faryal Talpur has major stake in this airline.