پہلے ایشز ٹیسٹ کیلئے انگلش اسکواڈ کا اعلان

01 جولائ 2015
عادل راشد نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
عادل راشد نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ فائل فوٹو اے ایف پی

لندن: انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف کارڈف میں ہونے والے پہلے ایشز ٹیسٹ کے لیے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں عادل راشد اور اسٹیفن فن کو شامل کر لیا گیا ہے۔

عادل راشد نئے کوچ ٹریور بیلس کے ساتھ ٹریننگ کیمپ پر اسپین جانے والے گروپ کا حصہ نہیں تھے لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز اور پھر یارکشائر کیلئے فائنل میچ میں چار وکٹوں کی شاندار کارکردگی نے ان کی ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار کی۔

عادل راشد نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا اور ان کا ٹیم میں شمولیت کے لیے ساتھی اسپنر معین علی سے سخت مقابلہ ہے لیکن انگلش ٹیم نے عندیا دیا ہے کہ دونوں اسپنرز کو ساتھ بھی کھلایا جا سکتا ہے۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ آٗندہ جمعرات سے کارڈف میں کھیلا جائے گا جہاں کا موسم فی الحال خاصا گرم ہے اور پچ اور موسم بہتر نہ ہونے کی صورت میں انگلینڈ دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتا ہے۔

ای سی بی کی ویب سائٹ پر کہا گیا کہ یہاں کا موسم گرم ہے لہٰذا ہم اپنے پاس یہ آپشن بھی رکھنا چاہتے تھے۔

اسٹیفن فن کو انجری کے باوجود اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا لیکن 14 رکنی گروپ کے ساتھ اسپین میں تربیت کے لیے جانے والے بائیں ہاتھ کے باؤلر مارک فوٹٹ کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔

اس کے علاوہ انگلینڈ نے اسکواڈ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی اور نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ٹیم کے ارکان کو برقرار رکھا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے اعلان کردہ انگلینڈ کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ایلسٹر کک(کپتان)، ایڈم لتھ، گیری بیلنس، آئن بیل، جو روٹ، جوز بٹلر، معین علی، اسٹورٹ براڈ، مارک ووڈ، جیمز اینڈرسن، عادل راشد اور اسٹیون فن۔

تبصرے (0) بند ہیں