سعودی عرب:عازمین حج کیلئے پہلا نجی ایئرپورٹ

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2015
یہ پراجیکٹ سعودی عرب میں اپنی طرز کا پہلا منصوبہ ہے جس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کا اشتراک شامل ہے—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
یہ پراجیکٹ سعودی عرب میں اپنی طرز کا پہلا منصوبہ ہے جس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کا اشتراک شامل ہے—۔فائل فوٹو/ رائٹرز

ریاض: سعودی عرب میں مسلمان عازمین حج کے لیے اربوں ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والے ریاست کے پہلے نجی ایئرپورٹ کو باقاعدہ طور پر کھولاجارہا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق کنگ سلمان بن عبدالعزیز مدینہ منورہ میں پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کریں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہر سال دو ملین سے زائد عازمین، حج کا مقدس فریضہ سرانجام دینے کے لیے مکہ اور مدینے کا دورہ کرتے ہیں۔

ایئرپورٹ آپریٹر کی ویب سائٹ کے مطابق مسجد نبوی آنے والوں کے لیے ہوائی سفر کو بہتر بنانے کی غرض سے مدینہ کے ڈومیسٹک ایئرپورٹ کو انٹرنیشل معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2011 میں تِباہ (TIBAH) ایئرپورٹ ڈیولپمنٹ کمپنی نے بولی جیت کر سعودی عرب کے ایوی ایشن ریگولیٹر ادارے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کے ساتھ ایئرپورٹ کی تعمیر، منتقلی اورچلانے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

جبکہ کنسورشیم میں ترکی کے ٹی اے وی ( TAV) ایئرپورٹس کے ساتھ ساتھ مقامی کمپنیاں الراجھی اور سعودی اگر بھی شامل ہیں۔

تِباہ کا کہنا ہے کہ یہ پراجیکٹ سعودی عرب میں اپنی طرز کا پہلا منصوبہ ہے جس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کا اشتراک شامل ہے۔

ٹی اے وی کے مطابق مدینہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی سالانہ گنجائش گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.7 ملین تک بڑھ جائے گی جبکہ 25 سالہ معاہدے کے اختتام پریہ 16 ملین تک پہنچ جائے گی۔

سعودی ایوی ایشن کے مطابق یہ پراجیکٹ ایک نئی سمت کی جانب اشارہ کر رہا ہے جسے نجی طور پر تعمیر کیا گیا جبکہ مشترکہ طور پر چلایا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی ایوی ایشن ریاست میں 27 ایئرپورٹ چلارہا ہے جن میں سے اکثر نجکاری کا ہدف ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں