سیلفی سے شخصیت شناسی ممکن

اپ ڈیٹ 05 نومبر 2015
سیلفی لینے کا طریقہ آپ کی شخصیت کے متعدد راز افشاءکرسکتا ہے— اے ایف پی فائل فوٹو
سیلفی لینے کا طریقہ آپ کی شخصیت کے متعدد راز افشاءکرسکتا ہے— اے ایف پی فائل فوٹو

نیویارک : ہوسکتا آپ کو محض یہ ایک فوٹو لگے مگر سیلفی لینے کا طریقہ آپ کی شخصیت کے متعدد راز افشاء کرسکتا ہے۔

یہ دعویٰ سنگاپور میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق سیلفی کے پوز، جس جگہ اسے لیا جائے اور یہاں تک کہ زاویہ بھی کسی فرد کی شخصیت کے متعدد پہلوﺅں کو سامنے لے آتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ چہرے کے تاثرات ، جذبات اور دیگر شخصی رازوں کا عندیہ سیلفی کے ذریعے مل جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سیلفی لیتے ہوئے خوش باش اور مثبت نظر آنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کی شخصیت ہر قسم کے حالات میں مطابقت اختیار کرلیتی ہے اور ایسے لوگ تعاون کرنے والے اور رحمدل ہوتے ہیں۔

اپنے چہرے سے نیچے کی سیلفی لینے والے ہر طرح کے حالات میں ڈھل جانے والی شخصیت کے حامل ہوسکتے ہیں۔

اسی طرح کسی عوامی مقامات پر اپنی تصاویر لینے کے شوقین افراد کی شخصیت کا خاص جوہر ایمانداری ہوسکتی ہے۔

ڈک فیس سیلفی لینے والے کسی قسم کے ذہنی خلل کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔

محققین کا دعویٰ ہے کہ سیفلیز کسی عام تصویر کے مقابلے میں لوگوں کی شخصیت کے پہلوﺅں کو زیادہ ظاہر کرتی ہیں کیونکہ کیمرے کو وہ لوگ خود ہی کنٹرول کررہے ہوتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں