پاکستان ہاکی پہلی بار اولمپکس سے باہر

03 جولائ 2015
تصویر بشکریہ آئی ایف ایچ
تصویر بشکریہ آئی ایف ایچ

اینٹورپ: پاکستانی ہاکی تاریخ کی ایک اور بدترین ناکامی اور شکست سے دوچار ہو چکی ہے جہاں ہاکی ورلڈ لیگ میں آئرلینڈ کی ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم 2016 اولمپک کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔

یہ اولمپک کی تاریخ میں پہلا موقع ہو گا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم ان مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکے گی۔

اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ ہاکی ورلڈ لیگ کے کلاسفکیشن میچ میں پاکستان کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہوا۔

میچ کا آغاز انتہائی سست روی سے ہوا اور دونوں ٹیموں کی دفاع حکمت عملی کے سبب ابتدائی تین کوارٹرز کے اختتام تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

اس دوران قومی ٹیم کو میچ میں گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن کھلاڑی گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے۔

چوتھے کوارٹر کے آغاز پر آئرلینڈ کو پینلٹی کارنر ملا جس پرآئرش کھلاڑی ایلن سوتھرن نے گول کرکے آئرلینڈ کو ایک صفر کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور آئرلینڈ نے میچ میں فتح اپنے نام کر کے پانچویں پوزیشن حاصل کر لی۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان اولمپک کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے جہاں اسے عالمی مقابلوں میں اپنی رسائی کے امکانات برقرار رکھنے کیلئے اس میچ میں لازمی فتح درکار تھی۔

یہ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اولمپک میں قومی کھیل میں اس مرتبہ سبز وردی پاکستان کی نمائندگی نہیں کر سکے گی۔

اسے پاکستان ہاکی کی تاریخ کا بدترین مقام ہی کہا جا سکتا ہے کہ گزشتہ سال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرنے والی پاکستانی ٹیم آج اولمپک میں رسائی کے حق سے بھی محروم ہو چکی ہے۔

پاکستان کو 1960 کے روم اولمپکس، 1968 کے میسکو اولمپکس اور 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

گرین شرٹس نے 1956 کے میلبورن اولمپکس، 1964 کے ٹوکیو اور 1972 کے میونخ اولمپکس میں چاندی کا تمغا جیتا تھا جبکہ 1976 کے مونٹریا اور 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغا جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں