پاکستان نے اقوام متحدہ کا اہم ہدف حاصل کرلیا

04 جولائ 2015
پاکستان کی 64 فیصد آبادی کو اب نکاسی آب کی سہولت تک رسائی حاصل ہے جبکہ 1990 میں یہ تناسب 24 فیصد تھا— فوٹو بشکریہ unicef.org
پاکستان کی 64 فیصد آبادی کو اب نکاسی آب کی سہولت تک رسائی حاصل ہے جبکہ 1990 میں یہ تناسب 24 فیصد تھا— فوٹو بشکریہ unicef.org

اسلام آباد : پاکستان ان 95 ممالک میں سے ایک ہے جس نے نکاسی آب کے ملینیم ڈویلپمنٹ گول (ایم جی ڈی) کا ہدف حاصل کرلیا ہے ۔

یہ بات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف کے مشترکہ مانیٹرنگ پروگرام (جے ایم پی) کی جانب سے حال ہی میں جاری ایک عالمی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 64 فیصد آبادی کو اب نکاسی آب کی سہولت تک رسائی حاصل ہے جبکہ 1990 میں یہ تناسب 24 فیصد تھا، یہ وہ نمایاں پیشرفت ہے جو اب تک صرف 95 ممالک میں ہی سامنے آئی ہے۔

پاکستان کو ان 77 ممالک میں بھی شامل کیا گیا ہے جنھوں نے پینے کے پانی اور نکاسی آب کے ایم جی ڈی کے اہداف کو حاصل کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ دہائی کھلے آسمان تلے رفع حاجت کرنے والے افراد کی تعداد چار کروڑ 60 لاکھ سے کم ہوکر ڈھائی کروڑ ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری اور دیہی علاقوں کے باسیوں کے درمیان پانی اور نکاسی آب کی خدمات تک بہتر رسائی کے معاملے میں خلاءمیں کمی نہیں آئی جس کی وجہ عدم مساوات ہے۔

پاکستان میں یونیسیف کی نمائندگی کرنے والی اینجلا کیرنیے کے مطابق یہ ایک زبردست پیشرفت ہے۔

ان کا کہنا تھا " ٹوائلٹ کا استعمال دیہی پاکستان میں اب نیا معمول بن چکا ہے، ایک مک جو جدت کی جانب مائل ہے اور اس نے نکاسی آب کے ایم ڈی جی کے ہدف کو پورا کیا، میں حکومت پاکستان اور اس کے ترقیاتی شراکت داروں کو اس اہم مقصد کے حصول پر مبارکباد دینا چاہتی ہوں"۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی قیادت نے نکاسی آب تک بہتر رسائی کے عزم کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا اور قومی و صوبائی سطح پر اس معاملے پر بات چیت کی حمایت کی جس کے نتیجے میں ہدف کے حصول میں آسانی ہوئی۔

نوے کی دہائی کے بعد سے ہونے والی پیشرفت کے باوجود رپورٹ میں دنیا بھر کے 2.4 ارب افراد کے لیے مزید کام کی ضرورت پر زور دیا ہے جنھیں تاحال نکاسی آب کی سہولیات میسر نہیں جبکہ اس تناظر سے بڑے پیمانے پر عدم مساوات پر بھی فوری طور پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔

نمایاں پیشرفت کے باوجود جنوبی ایشیاءوہ خطہ ہے جہاں سب سے زیادہ تعداد میں یعنی لگ بھگ 953 ملین افراد کو بہتر نکاسی آب تک رسائی حاصل نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں