'پی ٹی آئی ملک کی واحد سب سے بڑی جماعت'

04 جولائ 2015
شاہ محمود قریشی پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ —. فوٹو وہائٹ اسٹار
شاہ محمود قریشی پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ —. فوٹو وہائٹ اسٹار

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی واحد سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے، جسے تمام وفاقی یونٹوں فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مضبوط حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی سمیت دیگر پارٹیاں علاقائی جماعتیں بن کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز پنجاب کے چند حصوں تک محدود ہوگئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بھی یہی پوزیشن ہے، جوسندھ کے دیہی علاقوں میں محدود ہوگئی ہے، جبکہ ایم کیو ایم سندھ کے شہری علاقوں میں اور عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کی صرف تین تحصیلوں تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران فاتح بن کر اُبھری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی مخلوط حکومت میں شمولیت کے بارے میں قومی وطن پارٹی فیصلہ کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں قومی وطن پارٹی جلد ہی اپنے مستقبل کے اقدام کے بارے میں فیصلہ کرلے گی۔

یاد رہے کہ قومی وطن پارٹی اپنے دو وزراء کو بدعنوانی کے الزامات پر کابینہ سے خارج کیے جانے کے بعد 2013ء میں مخلوط حکومت سے علیحدہ ہوگئی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اپنا وعدہ پورا کردیا تھا، اور اب یہ نیا نظام نچلی سطح تک عوام کو سہولت فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا تیس فیصد حصہ بلدیاتی حکومتوں کے لیے مختص کیا تھا، اور تمام اختیارات نچلی سطح تک منتقل کردیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پچھلے عام انتخابات میں دھاندلی کے بارے میں عدالتی کمیشن کے فیصلے کا انتظار کررہی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے نجم سیٹھی کو معاف کردیا تھا، تاہم وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب دو سال اقتدار میں رہنے کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ناکام رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن آمریت پسندانہ مزاج رکھتی ہے، اور اس کا خیال ہے کہ اقتدار کی منتقلی صرف اپنے من پسند لوگوں کو ہی منتقل ہونا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پچھلے عام انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کا عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا، اور 71 انتخابی حلقوں میں پانچ فیصد اضافی بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے تھے، جس میں سے پی ٹی آئی نے 35 انتخابی حلقوں کی نشاندہی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں ایک مثالی حکومت قائم کرے گی، اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ملک کی اگلی حکومت تشکیل دے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Jul 04, 2015 09:46am
kiya piddi aor kiya piddi ka shorba
Israr Muhammad khan Jul 04, 2015 09:32pm
شاہ محمود صاحب غلط فہمی کا زبردست شکار ھے امپائر کی انگلی اٹھانے سے انکار کے بعد اب یہ مرض پی ٹی آئی میں بہت زیادہ پھیل چکی ھے اس وقت ملک کی سب بڑی جماعت پاکستاں مسلم لیگ ن ھے جنکی تمام صوبوں میں پارلیمانی نمائندگی موجود ھے کشمیر فاٹا گلگت میں اسکی بری نمائندگی ھے اس کے بعد پی پی پی ھے جو کہ تمام ملک بشمول فاٹا آزادکشمیر گلگت میں وجود رکھتی ھے پی ٹی آئی نے کے پی کے میں پاکستان کے تاریح کے سب سے زیادہ متنازعہ بلدیاتی الیکشن کرائے جو پی ٹی آئی کو مبارک ھو جن لوگوں نے پی پی پی میں رہکر زرداری کے ساتھ عوام کو روٹی کپڑا مکان دیا اب وہی لوگ پی ٹی آئی میں عمران کے ساتھ نیا پاکستان بنائنگے