پالے کیلے ٹیسٹ سری لنکا کی گرفت میں

05 جولائ 2015
اینجلو میتھیوز 77 رنز بنا کر پاکستانی باؤلنگ کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
اینجلو میتھیوز 77 رنز بنا کر پاکستانی باؤلنگ کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

پالے کیلے: سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پالے کیلے ٹیسٹ کے تیسرے دن اپنی مجموعی برتری 291 رنز تک پہنچا کر میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔

میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 209 رنز نو کھلاڑی آؤٹ سے اننگ شروع کی تو اسکور میں مزید چھ رنز کے اضافے سے سری لنکا نے پاکستان کی بساط لپیٹ دی۔

پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز پر پویلین لوٹ گئی، سرفراز احمد 78 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا نے 63 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگ کا آغاز کیا تو صرف 12 رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔

اسکور 35 تک پہنچا تو راحت علی نے لہیرو تھری مانے کی وکٹیں بکھیر کر سری لنکا کو تیسرا نقصان پہنچایا۔

اس موقع پر کپتان اینجلو میتھیوز وکٹ پر پہنچے اور اپل تھارنگا کے ساتھ اسکور آگے بڑھانا شروع تاہم ابھی اسکور 80 تک ہی پہنچا تھا کہ یاسر شاہ نے اظہر کی مدد سے تھارنگا کو قابو کر لیا۔

اس موقع پر سری لنکن ٹیم مشکلات سے دوچار دکھائی دیتی تھی لیکن دوسرے اینڈ پر موجود کپتان میتھیوز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے ڈٹ گئے اور جیہان مبارک کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 81 رنز کی شراکت قائم کر کے بیٹنگ کو سنبھالا دیا۔

یاسر نے ایک بار پھر اظہر کی مدد سے 35 رنز بنانے والے مبارک کی اننگ کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد پاکستان کو دن کے اختتام تک مزید کوئی اور کامیابی نہ مل سکی جہاں سری لنکا نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 228 رنز بنا کر اپنی مجموعی برتری 291 رنز کر لی ہے۔

اینجلو میتھیوز 77 اور دنیش چندیمل 39 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں