کوئٹہ: سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے دو اضلاع میں دہشت گردی کے متعدد حملوں کی سازش ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضہ میں لے لیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے ڈان۔ کام کو بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع شیرانی کے کپیپ علاقے میں آُپریشن کے دوران ایک مشتبہ عسکریت پسند کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے قبائلی علاقے سے لائے گئے 40 راکٹ، 10 رائفلیں، 7 دستی بم اور دوسرا اسلحہ برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب، سیکیورٹی فورسز اور فرنٹئیر کارپس نے پاک-افغان سرحد کے قریب چمن کے علاقے میں دہشت گردی کی ایک کوشش ناکام بنا دی۔

ایف سی کے ترجمان خان واسع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک مشتبہ موٹر سائیکل دیکھنے کے بعد بم ڈسپوزل کا یونٹ طلب کر لیا۔

موٹر سائیکل کا معائنہ کرنے پر پانچ کلو گرام بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے اس مقام سے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

اسی طرح، مستونگ اور ڈیرہ بگٹی میں چھاپوں کے دوران آٹھ مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کر لیا۔ واسع کے مطابق، گرفتار افراد شرپسند سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں