فیڈرر، شیراپووا اور سرینا ومبلڈن کوارٹر میں

07 جولائ 2015
راجر فیڈرر 13ویں مرتبہ ومبلڈن کا کوارٹر فائنل کھیلیں گے۔ فوٹو اے پی
راجر فیڈرر 13ویں مرتبہ ومبلڈن کا کوارٹر فائنل کھیلیں گے۔ فوٹو اے پی

لندن: ومبلڈن اوپن میں راجر فیڈرر، اینڈی مرے، اسٹان واورنکا، ماریا شراپووا اور سرینا ولیمز نے اپنے اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

لندن میں جاری سال کے سب سے بڑے ٹینس مقابلے میں 17 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن عالمی نمبر دو راجر فیڈرر نے اسپین کے رابرٹو بیٹسٹا کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست سے دوچار کیا۔

فیڈرر نے بیٹسٹا کو 6-2، 6-2 اور 6-3 سے باآسانی ڈیڑھ گھنٹے میں زیر کر کے 13ویں مرتبہ ومبلڈن کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

فیڈرر کا کوارٹر فائنل میں سامنا فرانس کے جائلز سائمن سے ہو گا جنہوں نے جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈک کو 6-3، 6-2 اور 6-3 سے زیر کر کے آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔

برطانیہ کے اینڈی مرے نے کروشیا کے ایوو کارلووک کو 7-6، 6-4، 5-7 اور 6-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

2013 کے ومبلڈن چیمپیئن نے لگاتار آٹھویں سال ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا سامنا کینیڈا کے وسیک موسپیسل سے ہو گا جنہوں نے سربیا کے وکٹر ٹروئیکی کو سخت مقابلے میں 4-6، 6-7، 6-4، 6-3 اور 6-3 سے شکست دی۔

اس کے علاوہ کروشیا کے مارلن سیلس، سوئٹزرلینڈ کے اسٹان واورنکا اور فرانس کے رچرڈ گیسکوئٹ نے بھی اپنے اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

ادھر خواتین کے مقابلوں میں روس کی ماریا شراپووا قازقستان کی زرینا ڈیاس کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اپنی بہن وینس ولیمز کو باآسانی 6-3 اور 6-4 سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو اسپین کی گاربک مگوروزا کے ہاتھوں 6-4 اور 6-4 سے اپ سٹ شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔

اس کے علاوہ میڈنسن کی، آگنسکیا رڈوانسکا اور ٹیمیا باسنزکی نے بھی آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی۔

تبصرے (0) بند ہیں