'پی ٹی آئی ارکان کی نااہلی کے بعد تنخواہیں ملیں گی'

07 جولائ 2015
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق—۔فائل فوٹو/ آن لائن
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق—۔فائل فوٹو/ آن لائن

لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی کو اسلام آباد دھرنے کے دوران ان کی تنخواہیں اور مراعات اُس وقت جاری کردی جائیں گی، جب ان کی ناہلی کے لیے دائر کی گئی تحریک ایوان میں منظور کرلی جائے گی۔

اپنے حلقے میں ایک انفرا سٹرکچر ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ " تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دیئے جانے سے متعلق ایک تحریک قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے اور اگر یہ تحریک ایوان میں منظور کرلی جاتی ہے تو پی ٹی آئی اراکین کو ان کی تنخواہیں اور تمام مراعات واپس کردی جائیں گی"۔

تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے اسلام آباد میں اپنے 126 دنوں پر مشتمل دھرنے کے دوران ایوان سے رخصت کی باقاعدہ طور پر درخواست جمع کرائے بغیر پارلیمنٹ کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔

تاہم قومی اسمبلی کے رولزکے مطابق اگر کوئی رکن اسمبلی ایوان کی اجازت کے بغیر 40 دن سے زائد غیر حاضر رہے تو اس حوالے سے ایوان میں تحریک کے منظور ہوجانے کے بعد اسے نااہل تصور کیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ "ہندوستان کے لیے بہتر ہے کہ وہ پاکستان سے بہتر تعلقات رکھے"، تاہم ذاتی طور پر ان کا خیال ہے کہ ہندوستانی پاکستان کے اچھے پڑوسی نہیں ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں