کویت دھماکا: مبینہ خود کش کے بھائی گرفتار

07 جولائ 2015
کویت میں گذشتہ دنوں امام بارگاہ امام الصادق پر خود کش حملے کا مبینہ مرکزی کردارسعودی شہری فہد سلیمان — فائل فوٹو/ اے پی
کویت میں گذشتہ دنوں امام بارگاہ امام الصادق پر خود کش حملے کا مبینہ مرکزی کردارسعودی شہری فہد سلیمان — فائل فوٹو/ اے پی

دبئی: کویت میں ہونے والے خود کش بم دھماکے کے میبنہ مرکزی کردار کے 3 بھائیوں کو کویت اور سعودی عرب کے سیکیورٹی حکام نے گرفتار کرلیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے منگل کے روز وزارت داخلہ کے ترجمان کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کویت کی امام الصادق امام بارگاہ میں گذشتہ دنوں ہونے والے خود کش بم دھماکے کے مرکزی ملزم کے تین بھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تاہم ان کی شناخت نہیں بنائی گئی۔

سیکیورٹی ترجمان کے مطابق ایک بھائی کو کویت، دوسرے بھائی کو سعودی عرب کے مغربی شہر طائف اور تیسرے بھائی کو کویتی سرحدی علاقے میں قائم ایک گھر پر دو طرفہ مسلح کارروائی کے بعد گرفتار کیا گیا، جس میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ کویت خود کش دھماکے کے مرکزی ملزم کا چوتھا بھائی شام میں رہائش پذیر ہے اور اس کا تعلق داعش سے ہے۔

خیال رہے کہ کویت کی امام بارگاہ میں ہونے والے خود کش دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی جس میں 27 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ داعش نے سعودی عرب میں 22 اور 29 مئی کو شمالی علاقے کی امام بارگاہوں میں ہونے والے خود کش دھماکوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں