دوسرا ٹی ٹوئنٹی اور سیریز جنوبی افریقہ کے نام

08 جولائ 2015
جنوبی افریقی ٹیم کا سیریز کی ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو اے ایف پی
جنوبی افریقی ٹیم کا سیریز کی ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو اے ایف پی
مین آف دی میچ ایڈی لی کا وکٹ لینے کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی
مین آف دی میچ ایڈی لی کا وکٹ لینے کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی

میرپور: جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 31 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔

سیریز کے دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

اوپنرز کوئنٹن ڈی کوک اور اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹیم کو 95 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن 102 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے جنوبی افریقہ تین بلے بازوں سے محروم ہو چکا تھا۔

ڈی ویلیئرز 40، ڈی کوک 44 اور جے پی ڈومینی چھ رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کپتان ڈیو پلیسی نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ اسکور کو 136 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر وہ 16 رنز بنانے کے بعد مستفیض الرحمان کی وکٹ بن گئے۔

اختتامی اوورز میں ملر اور رلی روسو کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ 169 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا، ملر 30 اور روسو چھ گیندوں پر 19 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

جواب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے بھی ٹیم کو 46 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا لیکن اسپنرز کے باؤلنگ پر آتے ہی بنگلہ دیشی کھلاڑی وقفے وقفے سے وکٹیں گنوانے لگے اور کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

تمیم اقبال 13، سومیا سرکار 37، شکیب الحسن آٹھ، مشفیق الرحیم 19، صابر رحمان ایک، ناصر حسین صفررونی تالڈکر 21، لٹن داس 10، مشرفی مرتضیٰ 17 اور مستفیض بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 138 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور اس تباہی کے ذمے دار کائل ایبٹ، ایڈٰ لی اور آران فنگیسو تھے جنہوں نے تین تین وکٹوں کا بٹوارا کیا۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے پہلا میچ کھیلنے والے ایڈی لی کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

اس میچ میں 31 رنز سے فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کر لی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

unknown Jul 08, 2015 01:51pm
SA will win the ODI series.