سری لنکا کیخلاف فتح پر پاکستان کا جشن

08 جولائ 2015
پاکستانی بلے باز یونس خان کے 171 رنز نےسری لنکن ہدف کے تعاقب میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اے ایف پی۔
پاکستانی بلے باز یونس خان کے 171 رنز نےسری لنکن ہدف کے تعاقب میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اے ایف پی۔
پاکستانی کپتان مصباح الحق جیت کے بعد ٹرافی کے ساتھ تصویر کھنچوارہے ہیں۔ اے ایف پی فوٹو۔
پاکستانی کپتان مصباح الحق جیت کے بعد ٹرافی کے ساتھ تصویر کھنچوارہے ہیں۔ اے ایف پی فوٹو۔

کراچی: سابق عظیم کھلاڑیوں نے منگل کے روز پاکستان کی سری لنکا کے خلاف سات وکٹوں سے غیر متوقع فتح کا جشن منایا جس کے ذریعے گرین شرٹس سری لنکن سرزمین پر نو سال کے بعد سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

فیصلہ کن میچ میں 377 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے یونس خان نے شانداز 171 رنز کی اننگز کھیلی جو کہ ان کے کریئر کی 30ویں سنچری تھی جبکہ شان مسعود نے بھی اپنے کریئر کی پہلی سنچری اسکور کی جس نے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

تیسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد پاکستان تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت گیا جبکہ آئی سی سی رینکنگ میں بھی گرین شرٹس تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

سابق کپتان انضمام الحق نے اس تاریخی فتح کی تعریف کی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی فتح ہے، یہ جیت اس لیے بھی خاص ہے کیوں کہ ہمیں ہدف کے تعاقب میں کمزور ٹیم سمجھا جاتا ہے لیکن یونس اور مسعود نے اس شاندار فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ زیادہ تر لوگ توقع نہیں کررہے تھے کہ ہم یہ میچ جیت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح سے میچ میں واپسی کرنے سے مستقبل میں بھی پاکستانی ٹیم کے ٹیسٹ میچوں میں حوصلے بلند رہیں گے۔

انضمام نے کہا کہ پہلی اننگز میں 215 رنز پر آوٹ ہونے کے بعد ٹیم نے جس طرح میچ میں واپسی کی وہ تعریف کے قابل ہے۔ سری لنکا میچ پر حاوی تھا تاہم پاکستان کا 377 رنز کا تعاقب انتہائی شاندار تھا۔ اس سے ٹیم کو مستقبل میں حوصلہ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کو خود پر مستقبل میں بھی بھروسہ ہوگا کہ وہ 350-400 رنز کا بھی تعاقب کرسکتے ہیں۔

میچ میں یونس خان نے دوسری اننگز میں اپنی پانچویں سنچری اسکور کی جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستان کے سنیل گاواسکر اور انگلینڈ کے جیف بائیکاٹ کے پاس تھا جنہوں نے 4،4 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

سابق اسٹار بلے باز جاوید میاں داد نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کی یہ فتح شاندار تھی، اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں میں دنیا کی بہترین ٹیم بننے کی صلاحیت موجود ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیئرمین شہریار خان نے بھی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے کہا کہ کسی اور ملک میں جاکر سیریز جیتنا کبھی آسان نہیں ہوتا اور یہ پاکستان کی سری لنکا میں 2006 کے بعد پہلی فتح تھی۔ اے ایف پی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں