لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور زمبابوے کرکٹ (زی سی) نے باہمی طور پر پاکستان کے دورہ زمبابوے کو موخر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رواں سال ستمبر اور اگست میں ہونے والے دورے کو ملتوی کرنے کے حوالے سے باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ دونوں بورڈز نے یہ فیصلہ مشترکہ طور پر کیا۔

رواں سال زمبابوے کے تاریخی دورہ پاکستان کے بعد گرین شرٹس کو بھی زمبابوے کے دورے کے دوران ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کھیلنا تھی۔

پی سی بی کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ زمبابوے نے باہمی سیریز کے بجائے تین ملکی سیریز منعقد کرنے کے لیے ویسٹ انڈیز کو ملوث کرلیا جو چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کے نقطہ نظر سے ہمارے خلاف اقدام تھا۔

ان کے مطابق تیسری ٹیم کو شامل کرنے کا فیصلہ ہمارے مفادات کے خلاف تھا اس لیے ہم نے زمبابوے کو تین ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی پیشکش کی تاہم اسے قبول نہیں کیا گیا جس کے بعد دونوں (زمبابوے اور پاکستان) بورڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ تین ملکی ٹورنامنٹ اور باہمی سیریز کو ملتوی کردیا جائے۔

پی سی بی عہدیدار کے مطابق رواں سال زمبابوے کے دورے کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں ہوگا تاہم آئندہ سال اس کا انعقاد ممکن بنایا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے حق میں تھا پھر چاہیں وہ تین ملکی ہو یا باہمی سیریز۔

حقیقیتاً پی سی بی بھی تین ملکی سیریز کھیلنا چاہتا تھا تاہم جب اظہر علی اور کمپنی نے پانچ میچوں کی ایک روزہ سیریز میں سری لنکا کے خلاف 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد کوئی بھی بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ پاکستان کے مفاد میں نہیں تھی۔

اگر پاکستان اس سیریز میں ناکام ہوجاتا تو زمبابوے میں ٹرائنگولر سیریز کے سوا اس کے پاس چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کے لیے کوئی اور موقع نہ بچتا۔

یہاں یہ کہنا بھی غلط نہ ہوگا کہ اگر پاکستان سری لنکا کے خلاف سیریز ہار جاتا تو جو حکمت عملی پی سی بی نے اپنائی وہ ویسٹ انڈیز اپناتا اور تین ملکی سیریز سے دستبردار ہوجاتا کیوں کہ اس معاملے میں مزید ایک روزہ کرکٹ اس کے حق میں نہ ہوتی۔

بنگلہ دیش سے شکست کھانے کے بعد پاکستانی ٹیم کے سامنے رینکنگ کو بہتر بنانے کے لیے دو اہم ٹاسک تھے جس کے بعد ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرتی۔

سب سے پہلے تو پاکستان میں کھیلی گئی زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنا اہم تھا تاہم اس سے مشکل کام سری لنکا کو سری لنکا میں شکست دینا تھا۔

تاہم گرین شرٹس نے یہ مشکل ٹاسک بخوبی سرانجام دیا اور سری لنکا کے خلاف 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے جبکہ سیریز کا آخری ون ڈے میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں فتح سے پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Irfan Anwar Jul 25, 2015 07:34am
اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے اس ٹورنامنٹ کےلئے رضامندی ظاہر کردی تھی تو اب یہ ٹورنامنٹ کھیلنا چاہئے' نتیجہ چاہے کچھ بھی نکلے ......