معروف میسنجر اپلیکشن واٹس ایپ نے اپنی ایپ بہت جلد اردو زبان میں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میں سماجی رابطے کی موبائل اپلیکشن واٹس ایپ کو نوجوانوں میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہے مگر کم تعلیم یافتہ افراد کے لیے انگریزی میں ہونے کے باعث اسے استعمال کرنا مشکل ثابت ہوتا ہے تاہم اب یہ بہت جلد قومی زبان اردو میں دستیاب ہوگی۔

جی ہاں واٹس ایپ کا اردو ورژن بہت جلد آئی او ایس اور آنڈرائیڈ ڈیوائس کے لیے دستیاب ہوگا۔

جیسا سب کو معلوم ہے کہ واٹس ایپ ایس ایم ایس کا بہترین متبادل بن کر سامنے آیا ہے مگر اکثر لوگوں کو ٹائپنگ کے لیے رومن اردو کا سہارا لینا پڑتا ہے۔

تاہم اردو ورژن ان لوگوں کے لیے اہم ثابت ہوگا جو انگلش سے واقف نہیں خاص طور پر دیہی علاقے کے رہائشیوں کو اس سے بہت فائدہ ہوگا۔

واٹس ایپ کے ٹرانسلیٹر ایڈمنسٹریٹر احسن سعید نے فیس بک پر اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تین ماہ کے اندر کافی کام کرکے اردو کو 18 ویں زبان بنا دیا ہے جو آنڈرائیڈ ڈیوائس پر واٹس ایپ پر مکمل ترجمہ ہوچکی ہے۔

فوٹو بشکریہ احسن سعید فیس بک
فوٹو بشکریہ احسن سعید فیس بک

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا رضاکار مترجموں کی مدد کے بغیر ممکن نہ تھا جنھوں نے محض اردو سے محبت کے لیے تمام تر کوششیں کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں